دہشت گردی کے واقعات ہمارے قومی، ملی اور اسلامی جذبہ کو شکست نہیں دے سکتے،سراج زالحق

منگل 31 جنوری 2023 19:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جنوری2023ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال، عزت و آبرو کی حفاظت حکومت کی آئینی ذمہ داری اور حلف کا تقاضا ہے، قوم جاننا چاہتی ہے کہ مرکزی اور صوبائی نگران حکومت کے پاس خیبرپختونخوا کو بدامنی سے بچانے کے لیے کیا منصوبہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں دھماکا کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے زخمیوں کو گلدستے پیش کیے اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے بھی دعا کی اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ الخدمت فاؤنڈیشن شہدا کے بچوں کی تعلیمی کفالت کرے گی۔

(جاری ہے)

امیر جماعت نے خیبرپختونخوا پولیس کو دہشت گردی کا مقابلہ کرنے، لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ڈاکٹرز اور عملہ اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاران کو دھماکا کے فوری بعد بہترین خدمات سرانجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ سابق ایم پی اے خیبرپختونخوا اسمبلی عنایت اللہ خان، نائب امیر جماعت اسلامی کے پی مولانا اسماعیل، سیکرٹری جنرل کے پی عبدالواسع، امیر ضلع بحراللہ خان ایڈووکیٹ سید جماعت علی شاہ اور صدر الخدمت فاؤنڈیشن کے پی خالد وقاص بھی ان کے ہمراہ تھے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مسجد اللہ کا گھر اور امن کی جگہ ہے، اس میں دھماکے کرنا ظلم ہے، دھماکا کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

دھماکے کے بعد ڈاکٹرز اور الخدمت کے رضا کاروں نے پوری مستعدی کے ساتھ ریلیف سرگرمیاں سرانجام دیں جو اس بات کی علامت ہے کہ پاکستانی قوم ایک عظیم قوم ہے اور دہشت گردی کے واقعات اس کے قومی، ملی اور اسلامی جذبہ کو شکست نہیں دے سکتے۔ انھوں نے کہا کہ قوم متحد ہو کر تمام مشکلات سے باہر نکل سکتی ہے، سیاست دان آپسی لڑائیوں کی بجائے ملک کی بہتری پر توجہ دیں۔