میانوالی میں پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کا حملہ

20 سے 25 دہشت گردوں کی جانب سے میانوالی کے تھانہ مکڑوال کو گھیر کر شدید فائرنگ، پولیس کے جوانوں نے بھی بھرپور جواب دیا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 31 جنوری 2023 23:48

میانوالی میں پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کا حملہ
میانوالی (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 31 جنوری 2022ء) میانوالی میں پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔ نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق 20 سے 25 دہشت گردوں نے میانوالی کے تھانہ مکڑوال کو گھیر کر شدید فائرنگ شروع کردی جس کے جواب میں پولیس کے جوانوں نے بھی بھرپور جواب دیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق پولیس جوانوں کی جوابی فائرنگ سے دہشت گرد پسپا ہوکر بھاگنے پر مجبور ہوگئے تاہم وہ پہاڑوں پر چڑھ کر پولیس اسٹیشن پر فائرنگ جاری رکھے ہوئے ہیں جب کہ جوابی فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

حملے کی اطلاع ملتے ہی آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان نے سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس اور اسپیشل برانچ کو مکڑوال پولیس کی بھرپور معاونت کرنے کی ہدایت کردی۔ ترجمان میانوالی پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی پی او میانوالی مزید نفری اور ایلیٹ فورس کے ساتھ تھانہ مکڑوال روانہ ہوگئے۔

(جاری ہے)

نمائندہ ایکسپریس نیوز کا کہنا ہے کہ عیسیٰ خیل کا علاقہ صوبہ خیبرپختونخوا کی سرحد سے متصل ہے اور تھانہ مکڑوال سے 10 سے 15 کلومیٹر کے فاصلے پر کے پی کے شروع ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تھانہ مکڑوال پر 10 بجے کے قریب دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس پر تھانے میں موجود اہلکاروں نے بہادری اور دلیری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور دہشتگردوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی ضلع بھر کے اسپتالوں کو ہائی الرٹ جاری کردیا گیا، تمام اسپتالوں میں ڈاکٹرز، نرسرز اور دیگر اسٹاف بھی پہنچ گیا۔

جبکہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میانوالی کے تھانہ مکڑوال پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو جرات سے خاک میں ملایا، پولیس کے جری جوانوں کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے دلیر جوانوں کو شاباش دیتا ہوں۔ نگران وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کے یہ جوان قوم کے ہیرو ہیں اور قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر ناز ہے۔