Live Updates

مریم نواز کی آئندہ انتخابات کیلئے تیاریوں کی ہدایت ،امیدواروں کی تفصیلات طلب کر لیں

پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے سینئر رہنمائوں سے تجاویز مانگ لیں ، شاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور کرنے کی بھی یقین دہانی پارٹی سیکرٹریٹ میں سینئر رہنمائوں کا اہم مشاورتی اجلاس ،موجودہ ملکی سیاسی صورتحال ،آئندہ کی حکمت عملی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال

بدھ 1 فروری 2023 18:19

مریم نواز کی آئندہ انتخابات کیلئے تیاریوں کی ہدایت ،امیدواروں کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2023ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے آئندہ ہونے والے انتخابات کے لئے تیاریوں کی ہدایت کرتے ہوئے امیدواروں کی تفصیلات طلب کر لیں جبکہ پارٹی کو مستحکم کرنے کے لئے سینئر رہنمائوں سے تجاویز مانگتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور کرنے کی بھی یقین دہانی کروا دی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن ) کے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں اہم مشاورتی اجلاس چیف آرگنائزر مریم نواز کی صدارت منعقد ہوا ۔اجلاس میں سینئر لیگی رہنما محمد زبیر، عابد شیر علی ، طلال چوہدری ، ملک احمد خان ، میاں جاوید لطیف ،عطاء اللہ تارڑ ، انوشہ رحمان اور عظمیٰ بخاری سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی ۔ اس کے ساتھ اجلاس میں سوشل میڈیا کی ٹیموں کے سربراہان نے بھی خصوصی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جبکہ مریم نواز کے تنظیمی دوروں کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز نے پارٹی کو مستحکم کرنے کے لئے رہنمائوں سے تجاویز مانگ لیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان کے بیانیے پر مسلم لیگ (ن) اپنا ایک نیا بیانیہ سامنے لائے گی۔

مریم نواز نے پارٹی کو آئندہ ہونے والے قومی اسمبلی کے 33حلقوں ، پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے انتخابات کے لئے تیاریوں کی ہدایت کر دی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے کے پی اور پنجاب کے پارٹی صدور سے 2008ء سے اب تک (ن) لیگ کے امیدواروں کے کی تمام تفصیلات طلب کر لی ہیں ۔ پنجاب اور کے پی میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے امیدواروں کو ٹکٹ انٹرویو کے بعد دی جائیں گی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس اجلاس میں پارٹی کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کے پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کی خبروں کی بھی گونج سنائی دی ۔ مریم نواز نے پارٹی رہنمائوں کو شاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی ہماری پارٹی کا اثاثہ ہیں، ان سے جلد ملاقات کر کے تحفظات دور کیے جائیں گے ۔اجلاس کے بعد مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز ماڈل ٹائون سے ایئرپورٹ کے لئے روانہ ہوئیں جہاں سے وہ نجی طیارے کے ذریعے بہاولپور کے تنظیمی دورے کے لئے گئیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات