اسلام آباد نے قائداعظم کپ انٹر ڈویژنل باسکٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا

بدھ 1 فروری 2023 20:09

اسلام آباد نے قائداعظم کپ انٹر ڈویژنل باسکٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2023ء) اسلام آباد نے قائداعظم کپ انٹر ڈویژنل باسکٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا۔ پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے لیاقت جمنازیم میں منعقدہ ٹورنامنٹ کے فائنل میں اسلام آباد نےفیصل آباد ڈویژن کو 52-49 پوائنٹس سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا،اسلام آباد کے کھلاڑیوں یاسر عباس اور عتیق خان نے آخری لمحات میں لگاتار چار پوائنٹس لئے،یاسر عباس نے 22، عتیق خان نے 14 اور رضوان خورشید نے بالترتیب 12 پوائنٹس بنائے۔

فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن (ایف بی بی اے) کے زیر اہتمام پول راؤنڈز کے میچوں پر مبنی ٹورنامنٹ میں اسلام آباد ریڈز، گوجرانوالہ، پشاور، ہزارہ، اسلام آباد بلیوز اور فیصل آباد ڈویژن نے حصہ لیا۔ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمان مزاری تھے جبکہ فائنل میں کمانڈر نارتھ ریئر ایڈمرل مسعود خورشید، قائم مقام ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ محمد ابرار، پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن (پی بی بی ایف) کے سیکرٹری جنرل خالد بشیر، سیکرٹری آرگنائزنگ کمیٹی اوج ظہور، سینئر نائب صدر پی بی بی ایف امتیاز رفیع بٹ، صدر فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن اعجاز بٹ، قومی باسکٹ بال ٹیم کے سابق کوچ ملک ایم ریاض، ڈی ڈی جی، پی ایس بی چوہدری سعید اختر اور محمد اعظم ڈار اور بڑی تعداد میں شائقین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری نے اختتامی تقریب میں کھلاڑیوں اور آفیشلز میں انعامات تقسیم کئے اور باسکٹ بال کے فروغ کے لئے پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن اور فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو بھی سراہا۔