پنجاب کے تین شہروں میں رینجرز کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کا اختیار دے دیا گیا

لاہور، ا ٹک اور ڈی جی خان حساس ترین اضلاع ،30جون تک کارروائیاں کی جائیں گی

بدھ 1 فروری 2023 22:46

پنجاب کے تین شہروں میں رینجرز کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کا اختیار دے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2023ء) پنجاب کے تین شہروں میں رینجرز کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کا اختیار دیدیا گیا، 30جون تک حساس اضلاع میں کارروائیاں کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق دہشت گردی کی حالیہ لہر کے پیش نظر پنجاب کے تین شہروں میں رینجرز کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کا اختیار دے دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رینجرز کے خفیہ آپریشنز کا فیصلہ محکمہ داخلہ پنجاب کے امن و امان کے اجلاس میں کیا گیا، جس کے تحت رینجرز 30جون تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرسکے گی۔

سی ٹی ڈی کی جانب سے گزشتہ ماہ ترپن تھریٹ الرٹ جاری کیے، جن کے مطابق لاہور، ا ٹک اور ڈی جی خان حساس ترین اضلاع قرار پائے ہیں، جہاں دہشت گرد تنظیمیں سیاسی و مذہبی شخصیات کو ٹارگٹ کرسکتی ہیں، انہی خدشات کے پیش نظر رینجرز تینوں حساس اضلاع کو ترجیحات پر رکھ کر خفیہ آپریشن کرے گی۔اجلاس میں پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی استعداد کار اور وسائل بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔