Live Updates

پاکستان میں جو مہنگائی کا طوفان آیا ہے اس میں ہمارا قصور نہیں ، رانا ثناء اللہ

اس میں کوئی شک نہیں کہ موجودہ بحران میں آپ کے بجلی اور گیس کے بل بڑھے ہیں، وزیر داخلہ

بدھ 1 فروری 2023 23:00

پاکستان میں جو مہنگائی کا طوفان آیا ہے اس میں ہمارا قصور نہیں ، رانا ..
بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2023ء) وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ موجودہ بحران میں آپ کے بجلی اور گیس کے بل بڑھے ہیں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے آپ کو بھی متاثر کیا ہے تاہم مہنگائی کا طوفان گزشتہ حکومت کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)سے کیے گئے معاہدے کی وجہ سے آیا ہے۔

ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان میں جو مہنگائی کا طوفان آیا ہے اس میں ہمارا قصور نہیں ہے کیونکہ اس کی بنیاد وہ معاہدہ ہے جو پاکستان تحریک انصاف نے آئی ایم ایف کے ساتھ کیا تھا جس میں ہر چیز درج ہے اور اس معاہدے کی وجہ سے ہم نے بھرپور مزاحمت کی کہ قیمتیں نہ بڑھائی جائیں۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پیٹرولیم قیمتیں نہ بڑھانے کی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے بھرپور کوشش کی جبکہ میاں نواز شریف پہلے دن سے اس بات کے حق میں نہیں تھے کہ عام آدمی پر بوجھ ڈالا جائے تاہم آئی ایم ایف کے ساتھ جو معاہدہ ہوا اس پر عمل درآمد کرنا ہماری مجبوری بنی، اگر ہم اس معاہدے پر عمل نہ کرتے تو پاکستان دیوالیہ ہو جاتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بحران سے نکالنے کے لیے ہم نے جدوجہد کا آغاز بہاولپور سے کیا ہے جو پورے ملک تک جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات