Live Updates

عمران خان کی طرف سے آصف زرداری پر قتل کا الزام لگانے کیخلاف پیپلز پارٹی کا لاہور میں احتجاجی مظاہرہ

بدھ 1 فروری 2023 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کے100افراد کے قتل کا مقدمہ عمران پر درج ہونا چاہیے،نیازی کو فوری گرفتار کر کے عدالت کے کٹہرے میں لایاجائے،عدلیہ سانحہ پشاور کی انکوائری کر کے عمران کیخلاف ایکشن لے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چیئرنگ کراس مال روڈ پر سابق صدر آصف علی زرداری سے اظہار یکجہتی اور عمران خان کی طرف سے آصف زرداری پر قتل کا الزام لگانے کیخلاف پیپلز پارٹی کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا،مظاہرے میں شرکت کیلئے لاہور کے چاروں ڈسٹرکٹ کے علاہ مختلف زونوں سے بھی الگ الگ جلوس رانا جمیل منج، آصف ناگرہ،زاہد ذوالفقار،امجد جٹ, ملک احمد شاہد،سونیا خان اور دیگر کی قیادت میں پہنچے،اس موقع پر جیالوں نے عمران خان کا پتلا نذر آتش کیا اور نعرے بھی لگائے کہ دہشت گردوں کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے، عمران اپنی زبان کو ،لگام دو، لگام دو،گو نیازی گو نیازی ،قدم بڑھا ئوآصف زرداری ،ہم تمھارے ساتھ ہیں،اک زرداری سب پہ بھاری کے نعرے لگائے،مظاہرے میں علامہ یوسف اعوان نے سانحہ پشاور کے شہداء کیلئے خصوصی دعا کرائی،احتجاجی مظاہرے میں فائزہ ملک،سونیا خان،عزیز ملک،زاہد ذوالفقار،میر شکیل چنی،اشرف خان،اسلم گڑا،صداقت شیروانی،حسن گیلانی، ممتاز مون خان،شاہدہ جبیں،نونی مہر،چودھری ریاض،شیخ روشن اقبال،عمران اٹھوال،وسیم شہاب الدین،نسیم سہوترا،ایڈون سہوترا،نرگس خان،ریاض جٹ،رانا فقیر حسین آف شاہدرہ،بشارت صدیقی،مرزا ادریس،رائو شجاعت، عمر ایاز،عامر سہیل بٹ،بشری ملک،وقاص بٹ،شہناز کنول،طاہر غالب سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے چودھری اسلم گل نے کہا کہ پشاور کی مسجد پر حملہ کرنیوالے مسلمان نہیں ہو سکتے،پیپلز پارٹی پاکستان کی وحدت کو بچانا چاہتی ہے،ہم قومی سلامتی کے اداروں کیساتھ ہیں اور دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کا مجرم ہے،اس کی جھوٹی انا کی خاطر ملک برباد کرنیکی اجازت نہیں دے سکتے۔اسلم گل نے کہا کہ پاکستان میں صرف ایک جمہوری لیڈر آصف علی زرداری ہے جو پاکستان کی وحدت،وفاق اور یکجہتی کو بچا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران بد زبان انسان ہے جس نے ملکی وحدت کو دائو پر لگا رکھا ہے،اسلم گل نے آصف زرداری پر عمران خان کے الزامات کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عمران کیخلاف جھوٹی الزام تراشی کا مقدمہ درج کیا جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات