الیکشن کمیشن نے خیبر پختو نخوا میں شفاف انتخابات کیلئے انتظامی افسران کی تبدیلی سے متعلق خط لکھ دیا

خیبر پختو نخوا میں شفاف انتخابات کیلئے انتظامی افسران تبدیلی کیے جائیں،چیف سیکرٹری خیبر پختوا نخوا کو خط

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 2 فروری 2023 10:43

الیکشن کمیشن نے خیبر پختو نخوا میں شفاف انتخابات کیلئے انتظامی افسران ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین۔ 02 فروری 2023ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں شفاف انتخابات کیلئے انتظامی افسران کی تبدیلی سے متعلق چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو خط لکھ دیا۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو خط بھیج دیا ہے۔ خط میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا میں شفاف انتخابات کے لیے انتظامی افسران تبدیل کیے جائیں۔

جبکہ محکمہ اسٹیبلشمنٹ نے افسران کے تبادلوں کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے،محکمہ اسٹیبلشمنٹ نے اعلامیے میں کہا ہے کہ 5 رکنی کمیٹی کے چیئرمین ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوں گے،کمیٹی کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی تعیناتی کیلئے افسران کے نام تجویز کرے گی۔ یاد رہے کہ گورنر پنجاب نے الیکشن کی کوئی تاریخ نہیں دی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے الیکشن کمیشن،اسپیکر پنجاب اسمبلی اور پی ٹی آئی کے سابق پارلیمانی لیڈر عثمان بزدار کو خط لکھا۔

گورنر پنجاب نے خط میں لکھا کہ الیکشن کمیشن کو منصفانہ اور شفاف طریقے سے آگے بڑھنا چاہیے،ملکی اقتصادی اور سکیورٹی کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیصلے کیے جائیں۔ الیکشن کمیشن موجودہ صورتحال کے مطابق تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے،میرا آفس انتخابات سے متعلق ذمہ داریاں پوری کرے گا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب اور خیبر پختو نخوا میں انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے گورنرز کو دوبارہ خط لکھے۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبر پختو نخوا میں انتخابات کی تاریخ کیلئے گورنرز کو خط لکھے۔ خط میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی 14 جنوری کو تحلیل ہوئی مگر اب تک الیکشن کی تاریخ نہیں دی گئی،اسی طرح خیبر پختوا نخوا اسمبلی 18 جنوری کو تحلیل ہوئی لیکن اس اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ بھی نہیں دی گئی۔ خط میں کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 105 کے تحت تحلیل کی صورت میں گورنرز کا الیکشن کی تاریخ دینا ضروری ہے۔ یہ بھی خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کی تاریخ کے لئے گورنرز کو خط لکھے تھے۔