Live Updates

ن لیگ کے سابق رکن پنجاب اسمبلی رائے حیدر علی ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شامل

عمران خان نے شمولیت کا خیر مقدم کیا،چیئرمین تحریک انصاف فسطائیت کیخلاف جدوجہد کا استعارہ ہیں،رائے حیدر علی

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 2 فروری 2023 11:20

ن لیگ کے سابق رکن پنجاب اسمبلی رائے حیدر علی ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 02 فروری 2023ء) پی ٹی آئی نے جڑانوالہ سے ن لیگ کی وکٹ اڑا دی،ن لیگ کے سابق رکن پنجاب اسمبلی رائے حیدر علی خان ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ن لیگ کے سابق ایم پی اے رائے حیدر علی خان نے ملاقات کی،عمران خان نے رائے حیدر علی کی ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔

رائے حیدر علی نے عمران خان کی قیادت اور سیاسی ایجنڈے کی بھرپور تائید کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان فسطائیت کیخلاف جدوجہد کا استعارہ اور صلاحیت کا لوہا منوا چکے ہیں۔رائے حیدر علی خان پی پی 101 جڑانوالہ سے پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی نے ن لیگ کی اور اہم وکٹ اڑا ئی تھی، ن لیگ کے سابق رکن قومی اسمبلی پیر امین الحسنات شاہ ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شامل ہو ئے تھے۔

(جاری ہے)

پیر حسنات شاہ نے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے پیر امین الحسنات کے ہمراہ سرگودھا میں پریس کانفرنس کی،شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیر امین الحسنات سے قدیم روحانی رشتہ ہے،انکی شمولیت سے پی ٹی آئی سرگودھا میں مزید مضبوط ہو گی۔ آئین کہتا ہے کہ 90 روز کے اندر الیکشن کرانا لازمی ہے،دو اسمبلیاں تحلیل ہو گئیں اور 90 روز کے اندر الیکشن نہ ہوئے تو آئین شکنی ہو گی۔

قومی اسمبلی سے بھی ارکان مستعفی ہوئے،64 فیصد نشستیں خالی ہیں اور فوری الیکشن ہی ملک کی ضرورت ہے۔ انکا کہنا تھا کہ جو الیکشن کی راہ میں رکاوٹ ہے وہ معیشت کو مزید بحرانی کیفیت کی طرف دھکیل رہا ہے،حکومتی حلیف ایم کیو ایم نے بھی کراچی کے بلدیاتی الیکشن کو مسترد کر دیا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پیر امین الحسنات کو پی ٹی آئی میں خوش آمدید کہتے ہیں،اس فیصلے سے سرگودھا میں ن لیگ عملی طور پر ختم ہوگئی ہے۔راجہ پرویزاشرف نے اپنے چیمبر میں سرنگ بنائی ہوئی ہے،جب بھی ہم ملنے جاتے ہیں راجہ پرویزاشرف غائب ہوجاتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات