Live Updates

سابق پاکستانی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد گرفتار کر لیے گئے

DW ڈی ڈبلیو جمعرات 2 فروری 2023 12:00

سابق پاکستانی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد گرفتار کر لیے گئے

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 02 فروری 2023ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور پی ٹی آئی کے اتحادی سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو اسلام آباد پولیس نے جمعرات کی اولین ساعتوں میں گرفتار کرلیا۔ شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق نے میڈیا سے گفتگو میں گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک رہنما راجہ عنایت خان نے درخواست دائر کی تھی کہ شیخ رشید نے ایک سازش کے تحت سابق صدر آصف علی زرداری پر الزام لگایا تھا۔

انہوں نے اپنے ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں آصف زرداری پر تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو قتل کرانے کی سازش کا الزام لگایا تھا۔ راجہ عنایت خان کا کہنا ہے کہ اس الزام کی وجہ سے سابق صدر اور ان کے خاندان کی زندگی خطرے میں پڑ گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی شکایت میں کہا تھا کہ شیخ رشید اس من گھڑت اور بے بنیاد سازش کا ذکر کرکے پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی میں تصادم کرانا چاہتے ہیں تاکہ ملک کا امن خراب ہو۔

سوشل میڈیا پر اس ایف آئی آر کی کاپی بھی گردش کر رہی ہے، جو راجہ عنایت الرحمان کی جانب سے شیخ رشید کے خلاف درج کروائی گئی تھی۔

بلاول کی ’بے نظیری خصوصیات‘ اور شیخ رشید کی معنی خیز مسکراہٹ

راشد شفیق کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے شیخ رشید کے خلاف دائر درخواست میں راحت دے دی تھی اس کے باوجود انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔

جو ان کے بقول توہین عدالت کے مترادف ہے اور وہ اس گرفتاری کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

عمران خان نے گرفتاری کی مذمت کی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے شیخ رشید احمد کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بنیادوں پر تاریخ میں کبھی کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

عمران خان نے ایک ٹویٹ کرکے کہا،"شیخ رشید کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہوں۔

رسوائے زمانہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی مقرر کردہ ایسی متعصّب اور منتقم نگران حکومت تاریخ میں اس سے پہلے ہم پر کبھی مسلط نہ ہوئی۔"

سابق پاکستانی وزیر اعظم نے سوال کیا کہ "آیا پاکستان اس عوامی تحریک کا متحمل ہو سکتا ہے، جس کی جانب ہمیں ایسے وقت میں دھکیلا جا رہا ہے جب امپورٹڈ سرکار ہمارا دیوالہ نکال چکی ہے؟"

شیخ رشید کا کیا کہنا ہے؟

شیخ رشید نے اپنی گرفتاری کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سب کے پیچھے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا ہاتھ ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ کم از کم 100 افراد سیڑھیوں کی مدد سے ان کے گھر میں داخل ہوئے۔ دروازے اور کھڑکیاں توڑ دیں۔ گھر کی تلاشی لی اور ملازموں کو مارا پیٹا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ضمانت منظور ہونے کے باوجود پولیس نے انہیں گرفتار کیا اور زبردستی اپنی گاڑی میں لے گئے۔

پاکستان میں سابق وزیر شیخ رشید حملے میں زخمی

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کو آبپارہ پولیس نے گرفتار کر کے تھانہ منتقل کیا۔ اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے شیخ رشید کو پولیس کے سامنے پیش ہونے کا آخری موقع دیا تھا۔

ج ا/ ص ز (نیوز ایجنسیاں)

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات