گزشتہ حکومت کی معاشی پالیسیاں آج معیشت کیلئے نقصان دہ ہیں،اسحاق ڈار

ہم معیشت کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں،2013 میں بھی ملک ڈیفالٹ کی طرف تھا لیکن ن لیگ نے آ کر حالات بہتر کیے،وزیر خزانہ

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 2 فروری 2023 13:24

گزشتہ حکومت کی معاشی پالیسیاں آج معیشت کیلئے نقصان دہ ہیں،اسحاق ڈار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 02 فروری 2023ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ گزشتہ حکومت کی معاشی پالیسیاں آج معشیت کیلئے نقصان دہ ہیں،ہم معیشت کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں،وزات سنبھالی تو توجہ معاشی سرگرمیوں کی بحالی پر دی۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹر اسحاق ڈار نے نیشنل اسلامک اکنامک کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے مشکل حالات سے ملک کو نکالا،2013 میں بھی ملک ڈیفالٹ کی طرف تھا لیکن ہم نے آ کر حالات بہتر کیے،2016 تک مضبوط ترین ممالک میں شامل تھے۔

ہمارے دورمیں معیشت بہتر تھی اور ملک ترقی کر رہا تھا۔اسلامی نظام معیشت میرے دل کے قریب ہے،اسلامی بینکاری کا نظام لانا بڑا چیلنج ہے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ ملک میں اسلامی بینکاری فروغ پا رہی ہے،خواہش ہے کہ جتنا جلد ہو سکے سود ی نظام کا خاتمہ کریں،سود سے پاک نظام معیشت کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔

(جاری ہے)

انکا مزید کہنا تھا کہ فوری سودی نظام کا خاتمہ معیشت کیلئے مؤثر ثابت ہوگا،سودی نظام کے خاتمے کے لیے پالیسی میں تسلسل لازمی ہے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں کی مدت سے متعلق وقت آنے پر فیصلہ کریں گے، دہشتگردی کے ناسور کو مل کر قابو پایا جاسکتا ہے، پہلے بھی دہشتگردی کے خلاف کامیاب ملٹری آپریشنز کئے گئے تھے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پشاور دھماکے پر افسوس ہوا،اللہ تعالیٰ اس دہشتگردی کو ختم کرے، دہشتگردی کے ناسور کو مل کر قابو پایا جاسکتا ہے، پہلے بھی دہشتگردی کے خلاف کامیاب ملٹری آپریشنز کئے گئے، ضرب عضب اور رد الفساد آپریشنز میں 400 ارب خرچ کئے گئے، ملٹری آپریشنز اپنے وسائل سے کئے گئے تھے۔

خیبرپختونخوا حکومت اور عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کی مدت سے متعلق وقت آنے پر فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے ڈالر کی بڑھتی قیمت اور معیشت سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔