عوام کا ایل پی جی، سرکاری آٹا کے لئے دربدر کرکے رکھ چھوڑ دیا گیا،محترمہ خولہ خان

جمعرات 2 فروری 2023 16:32

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2023ء) چیئرپرسن خان آف منگ ویلفیئر ٹرسٹ محترمہ خولہ خان نے کہا ہے کہ آزاد جموں وکشمیر میں مہنگائی کا طوفان برپا،عوام کا ایل پی جی، سرکاری آٹا کے لئے دربدر کرکے رکھ چھوڑ دیا گیا، شہری تنگ آمد بجنگ آمد جیسی کیفیت کا شکار ہو چکے،حکمران اپنی اصلاح کریں، ان خیالات کا اظہار محترمہ خولہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر بھر میں سرکاری آٹا گوداموں میں ذخیرہ کرنے کی اطلاعات ہیں جبکہ گیس ناپید ہے، لوگ دربدر دھکے کھاتے دکھائی دیتے ہیں مگر انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہو رہی، شہر عملا'' مفلوج ہو کر رہ گیا ہے،محترمہ خولہ خان نے مزید کہا کہ غریب دیہاڑی دار طبقہ کلو کلو آٹے اور ایل پی جی کے لیے دن بھر خوار ہوتے ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں، ایک طرف سرکاری آٹا ناپید ہے تو دوسری طرف مہنگائی کی ماری عوام ذہنی اذیت کا شکار ہو چکی ہے جس کی وجہ سے عوامی غیض و غضب میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے،آزاد جموں وکشمیر بھر میں سرکاری آٹا اور گیس سرعام بلیک میں فروخت کیے جا رہے ہیں، اشرافیہ کو تو زندگی کی ضروری اشیاء میسر ہیں مگر غریب دیہاڑی دار بری طرح پس رہا ہے اور ضروریات زندگی کے لیے سارا سارا دن دربدر ہے، انہوں نے کہا بلیک مارکیٹنگ کے خاتمہ اور عام و خاص میں فرق نے عوام کو سیخ پا کر دیا ہے،حکومت آزاد جموں وکشمیر اپنا قبلہ درست کرتے ہوئے زندگی کی بنیادی ضروریات جن میں آٹا گیس اور دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو اعتدال پر لانے کے لیے کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

حکومت آزادکشمیر کو چاہیے کہ عوام کے مسائل فوری طور پر حل کرے اور اشیائے خوردونوش کی قلت کو دور کرے۔