گرلز کرکٹ ٹورنامنٹ کی حمایت کا مقصد صنفی مساوات کا فروغ، خواتین کھلاڑیوں کو بااختیار بنانا ہے، نیل ہاکنز

جمعرات 2 فروری 2023 18:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2023ء) آسٹریلین ہائی کمیشن اور کنیئرڈ کالج برائے خواتین نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے لاہور میں چوتھے گرلز کرکٹ کپ کی میزبانی کی۔ پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے کہا ہے کہ اس ٹورنامنٹ کی حمایت کا مقصد صنفی مساوات کو فروغ دینا اور کھیل کے ذریعے ان خواتین کھلاڑیوں کو بااختیار بنانا ہے۔

آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے گرلز کھلاڑیوں اور سکولوں کو ان کی شرکت پر مبارکباد دی اور کنیئرڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا ان کے قابل قدر تعاون پر شکریہ ادا کیا۔نیل ہاکنز نے کہا کہ کھیل رکاوٹوں اور دقیانوسی تصورات کو ختم کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔ انہوں نےکہا کہ جب بھی یہ خواتین کھلاڑی کھیل میں چوکا یا چھکا لگا کر یا کیچ پکڑنے کی صورت میں کامیابی حاصل کرتی ہیں تو وہ اپنا اعتماد بڑھاتی ہیں اور دوسروں کو متاثر کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے، بہترین کوچز نے گرلزکھلاڑیوں کی تین روزہ کوچنگ کلینک میں تربیت کی ۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ ہم فرسٹ کلاس ویمن کرکٹ کوچز اور پاکستان نیشنل ویمنز ٹیم کے ممبران کی شرکت کے لیے ان کے بے حد شکر گزار ہیں جنہوں نے خواتین کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے وقت نکالا۔

پاکستان ویمن کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک نے کہاکہ نوجوان خواتین کھلاڑیوں کو آگے آتے ہوئے دیکھ کر اور اس ٹورنامنٹ کو کامیاب ہوتے دیکھ کر مجھے بے حد خوشی ہوئی ۔ ہم کافی عرصے سے پاکستان میں خواتین کی کرکٹ کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ حال ہی میں، ہماری باصلاحیت پاکستانی ٹیم نے خواتین کے افتتاحی آئی سی سی انڈر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں کافی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ہمیں امید ہے کہ اس طرح کے ٹورنامنٹس سے ہمیں گراس روٹ لیول پر مزید ٹیلنٹ تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔کنیئرڈ کالج فار ویمن کی پرنسپل رخسانہ ڈیوڈ نے کہا کہ ہم نوجوان خواتین کھلاڑیوں کے لیے اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کرکے بہت خوش ہیں۔ کنیئرڈ کا مقصد کھیلوں میں شرکت کے ذریعے لڑکیوں کو بااختیار بنانا ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان کی قومی خواتین کرکٹرز نے اس کلینک میں شرکت کی اور لڑکیوں کی رہنمائی کی۔ اس سے لڑکیوں میں اعتماد اور ٹیم سپرٹ کا جذبہ پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں خواتین کی کرکٹ کو ترقی دینے میں مدد دے گا۔چوتھے گرلز کرکٹ کپ میں چار سکولوں اور کھیلوں کے اداروں کی ٹیمیں شامل تھیں۔\932