فواد حسن فواد ، اہل خانہ آمدن سے زیادہ زائد اثاثہ جات ریفرنس میں بری

نیب نے فواد حسن فواد سمیت دیگر کے خلاف 4 ارب 56 کروڑ سے زائد کا ریفرنس دائر کر رکھا تھا

جمعرات 2 فروری 2023 23:44

فواد حسن فواد ، اہل خانہ آمدن سے زیادہ زائد اثاثہ جات ریفرنس میں بری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2023ء) لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد اور ان کے اہل خانہ کو آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں بری کردیا۔احتساب عدالت نے فواد حسن فواد اور ان کے اہل خانہ کی بریت کی درخواستیں منظور کرلیں۔احتساب عدالت کی جج نے بریت کی درخواست پر دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سنایا۔

نیب نے فواد حسن فواد سمیت دیگر کے خلاف 4 ارب 56 کروڑ سے زائد کا ریفرنس دائر کر رکھا تھا۔

(جاری ہے)

نیب نے الزام لگایا تھا کہ فواد حسن فواد نے راولپنڈی میں 50 کروڑ روپے مالیت کا کمرشل پلاٹ لیا، اس کے علاوہ ان کے راولپنڈی میں ایک 15 منزلہ پلازے میں 3 ارب 85 کروڑ روپے کے حصص سامنے آئے ہیں۔گزشتہ برس فواد حسن فواد نے عدالت میں اپنی بریت کی درخواست دائر کی تھی، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نیب کی آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری خلاف قانون تھی، میں نیب ترمیمی آرڈیننس 2022 سے فائدہ نہیں اٹھانا چاہتا۔فواد حسن فواد نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں میرٹ پر بری کیا جائے۔عدالت نے بریت کی درخواستوں کو منظورکرتے ہوئے فواد حسن فواد اور دیگر کو بری کردیا۔