کھیل رکاوٹوں اور دقیانوسی تصورات کو ختم کرنے میں مدد کر سکتا ہے، نیل ہاکنز

جمعہ 3 فروری 2023 00:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2023ء) پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے کہا ہے کہ کھیل رکاوٹوں اور دقیانوسی تصورات کو ختم کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔ آسٹریلین ہائی کمیشن کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوتھے گرلز کرکٹ کپ کے موقع پر کیا ۔آسٹریلین ہائی کمیشن اور کنیئرڈ کالج برائے خواتین نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے جمعرات کو لاہور میں چوتھے گرلز کرکٹ کپ کی میزبانی کی۔

اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد صنفی مساوات کو فروغ دینا اور کھیل کے ذریعے ان لڑکیوں کو بااختیار بنانا ہے۔ ‎پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے لڑکیوں اور سکولوں کو ان کی شرکت پر مبارکباد دی اور کنیئرڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا ان کے قابل قدر تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھیل رکاوٹوں اور دقیانوسی تصورات کو ختم کرنے میں مدد کر سکتا ہے، جب بھی یہ لڑکیاں چوکا یا چھکا مارتی ہیں یا کیچ پکڑتی ہیں، وہ اپنا اعتماد بڑھاتی ہیں اور دوسروں کو متاثر کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم فرسٹ کلاس ویمن کرکٹ کوچز اور پاکستان نیشنل ویمنز ٹیم کے ممبران کی شرکت کے لیے بے حد مشکور ہیں، جنہوں نے لڑکیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے وقت نکالا۔ اس موقع پر ‎پاکستان ویمن کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک نے کہاکہ نوجوان لڑکیوں کو آگے آتے ہوئے دیکھ کر اور اس ٹورنامنٹ کو کامیاب ہوتے دیکھ کر مجھے بے حد خوشی ہوئی ۔

ہم کافی عرصے سے پاکستان میں خواتین کی کرکٹ کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ حال ہی میں، ہماری باصلاحیت پاکستانی ٹیم نے خواتین کے افتتاحی آئی سی سی انڈر ۱۹ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں کافی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس طرح کے ٹورنامنٹس سے ہمیں گراس روٹ لیول پر مزید ٹیلنٹ تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ ‎کنیئرڈ کالج فار ویمن کی پرنسپل رخسانہ ڈیوڈ نے کہاکہ ہم نوجوان لڑکیوں کے لیے اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کرکے بہت خوش ہیں۔

کنیئرڈ کالج کا مقصد کھیلوں میں شرکت کے ذریعے لڑکیوں کو صنفی طور پہ بااختیار بنانا ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان کی قومی خواتین کرکٹرز نے اس کیمپ میں شرکت کی اور لڑکیوں کی رہنمائی کی۔ اس سے لڑکیوں میں اعتماد اور ٹیم اسپرٹ کا جذبہ پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں خواتین کی کرکٹ کو ترقی دینے میں مدد دے گا۔ ‎چوتھے گرلز کرکٹ کپ میں چار سکولوں اور دیگر ادارے جن میں گورنمنٹ شہدائے اے پی ایس میموریل گرلز ہائی سکول، گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول، گورنمنٹ تہزیب البنات ماڈل گرلز سکول اور کنیئرڈ کرکٹ اکیڈمی کی ٹیمیں شامل تھیں۔ ‎ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے بہترین کوچز نے لڑکیوں کی تین روزہ کوچنگ کلینک میں تربیت کی۔