دنیا کے آخری بوئنگ 747 طیارے نے اپنی پرواز مکمل کرلی

بوئنگ 747 طیارے کارگو کیلئے استعمال ہوئے ،500مسافروں کے ساتھ کمرشل بھی استعمال کیا گیا

جمعہ 3 فروری 2023 12:05

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2023ء) دنیا کا آخری بوئنگ 747 طیارہ امریکی کارگو ایئرلائن اٹلس ایئر کو فراہم کیا گیا جس نے واشنگٹن میں اپنی پرواز مکمل کرلی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بوئنگ 747 طیاروں کو آسمانوں کی ملکہ کہا جاتا ہے، 54 برسوں میں 100 سے زائد حکومتوں، ایئرلائنز کو ایک ہزار 547 طیارے بنا کر دیے گئے، ان طیاروں نے 11 کروڑ 80 لاکھ گھنٹے تک پرواز کی۔

بوئنگ 747 طیارے کارگو کیلئے استعمال ہوئے جبکہ انہیں 500 مسافروں کے ساتھ کمرشل طور پر بھی استعمال کیا گیا۔ناسا کی اسپیس شٹل اور امریکی صدر کے خصوصی ایئرفورس ون میں بھی بوئنگ 747 طیارے استعمال ہوتے ہیں۔لیکن اب ان قوی الجثہ طیاروں کی پروڈکشن روک دی گئی ہے کیونکہ بوئنگ کمپنی کم ایندھن استعمال کرنے والے طیارے بنا رہی ہے جن میں دو انجن نصب ہیں، بوئنگ میں 4 انجن نصب ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

اٹلس ایئر کے صدر جان ڈیٹرچ نے بتایا کہ 747 طیارے میں ہم نے ریس کی گاڑیوں سے لے کر ریس کے گھوڑے، راکٹ کے پرزوں سے لے کر سیٹلائٹس، الیکٹرانکس، رات گئے پہنچائی جانے والا سامان اور تازہ پھول، سبزیاں اور مچھلی تک کارگو کی ہے۔انہوں نے کہا کہ 747 طیاروں کے ذریعے جان بچانے والی اشیا کی بھی ترسیل کی گئی جیسا کہ ادویات، ویکسینز اور کورونا سمیت دیگر وباوں میں ذاتی حفاظتی کٹس۔ان کا کہنا تھا کہ ہم امریکی فوج کیلئے سب سے بڑی فضائی سہولت فراہم کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں، ہم نے فوجی دستوں کو فضائی سفر کروایا جبکہ فوجی کارگو بھی کیا۔