Live Updates

دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،وزیراعظم

وفاق،صوبے،سیاسی جماعتیں سب مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کریں،آل پارٹیز کانفرنس میں انہیں بھی شرکت کی دعوت دی جو میرے ساتھ ہاتھ ملانا گوارہ نہیں کرتے،شہباز شریف کی پشاور ایپکس کمیٹی میں گفتگو

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعہ 3 فروری 2023 12:07

دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،وزیراعظم
پشاور (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 03 فروری 2023ء) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے،حکومت دہشت گردی کیخلاف تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔امید ہے آل پارٹیز کانفرنس میں وہ بھی آئیں گے جو میرے ساتھ ہاتھ ملانا گوارہ نہیں کرتے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت پشاور ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 30 جنوری کو پشاور دھماکے میں شہادتیں ہوئیں،پشاور میں اجلاس بلانے کا مقصد ہی لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرنا ہے،قوم سوال کررہی ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے بعد یہ واقعہ کیسے رونما ہوا؟پشاور واقعہ کی تحقیقات ہونی چاہیے کہ کمزوری کہاں تھی؟ پشاور دھماکے کے بعد بے جا تنقید اور الزامات لگائے گئے جس کی مذمت کرتے ہیں،یہ کہنا کہ پشاور واقعہ ڈرون حملے سے ہوا یہ نامناسب تھا،دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اختلافات بھلا کر ہم نے مل کر قوم کو یکجا کرنا ہے،حکومت دہشت گردی کے خلاف تمام وسائل بروئے کار لائے گی،وفاق،صوبے،سیاسی جماعتیں اور سب مل کر دہشت گردوں کا مقابلہ کریں،وقت کی ضرورت ہے کہ وفاق اور صوبے مل کر اس کی اونر شپ لیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعے کے بعد ہربار طعنہ ملتا ہے کہ وفاق ساتھ نہیں دے رہا،2 010سے اب تک خیبرپختونخوا حکومت کو 417 ارب روپے دیئے جا چکے ہیں،خیبرپختونخواکو دی گئی 417 ارب کی رقم کی ایک چوتھائی بھی خرچ ہوتی تو یہ حالات نہ ہوتے،دہشت گردی کے خاتمے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے،چیلنجز کے باوجود دہشت گردی پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ منگل کو آل پارٹیز کانفرنس ہو گی،جو میرے ساتھ ہاتھ ملانا گوارہ نہیں کرتے ہم نے ان کو بھی دعوت دی،امید ہے کہ آگے سے نفی میں جواب نہیں آئے گا۔ انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ جب مجھے خط لکھتے تھے تو میرا نام نہیں لکھتے تھے،میں نے جب خط کا جواب دیا انکا نام لکھا اور دستخط کیے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات