Live Updates

شہباز گل کا دورانِ حراست بنائی گئی تصویر سے متعلق انکشاف

یہ تصویر رات 1 بجے کی ہے جب میرے پر شدید تشدد کی وجہ سے بائیں جبڑے کی ہڈی توڑ دی گئی تھی جو اب پوری زندگی ٹھیک نہیں ہو گی۔پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 3 فروری 2023 16:25

شہباز گل کا دورانِ حراست بنائی گئی تصویر سے متعلق انکشاف
لاہور (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 03 فروری 2023ء) پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے دورانِ حراست بنائی گئی تصویر سے متعلق انکشاف کیا ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصویر رات 1 بجے کی ہے جب میرے پر شدید تشدد کی وجہ سے بائیں جبڑے کی ہڈی توڑ دی گئی تھی جو اب پوری زندگی ٹھیک نہیں ہو گی۔
پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد سے تحریک انصاف اور مقتدر حلقوں کے مابین کشیدگی کا آغاز ہوا۔

یہ کشیدگی اس وقت شدت اختیار کر گئی جب پی ٹی آئی نے بلوچستان میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر کے حالیہ کریش سے متعلق سوال اٹھانا شروع کر دیے۔پی ٹی آئی پر سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مہم شروع کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا۔

(جاری ہے)

تاہم پی ٹی آئی کا دعویٰ تھا کہ اس نے ملکی فوج کے خلاف کوئی مہم نہیں چلائی۔9 اگست کو شہباز گل کو گرفتار کیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو بنی گالہ چوک سے گرفتار کیا گیا تھا، ان پر اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں اداروں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات دینے اور ان کے سربراہوں کے خلاف بغاوت پر اکسانے سمیت 10 سنگین نوعیت کے مقدمات درج تھے۔

۔پولیس کے مطابق شہباز گل کے خلاف مقدمے میں اداروں اور ان کے سربراہان کے خلاف اکسانے سمیت کئی دیگر دفعات بھی شامل کی گئیں۔ شہباز گل کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی اور طاقت ور حلقوں کے درمیان دوریاں مزید بڑھ گئیں۔شہباز گل کی گرفتاری پر پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے بہت سخت ردِعمل دیا گیا۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی بھی ہماری آواز دبا نہیں سکتا، شہباز گل کو گرفتار نہیں بلکہ اغوا کیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ہماری آواز دبا نہیں سکتا، شہباز گل کو گرفتار نہیں بلکہ اغوا کیا گیا ہے۔بعدازاں شہباز گل پر شدید تشدد کی خبریں بھی سامنے آئیں۔16 اگست2022ء کو شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جس دن ریمانڈ مسترد ہوا تب میڈیا نے دیکھا کس طرح میرے موکل پر تشدد ہوا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز گل پر تشدد اسلام آباد میں ہوا، یہ تفتیش نہیں کرنا چاہتے بلکہ تشدد کرنا چاہتے ہیں،ایسا کرنے کا ان کا کچھ اور ہی مقصد ہے۔شہباز گل کے وکیل نے کہا کہ ہمارے پاس ثبوت ہیں کہ شہباز گل پر تشدد کیا گیا۔شہباز گل نے بھی عدالتی پیشی پر میڈیا کو بتایا کہ ساری ساری رات مجھ پر تشدد کیا جاتا ہے، انہوں نے بتایا کہ میرے جسم کے نازک اعضا پر تشدد کیا جاتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ شہباز گل پر ایسا تشدد ہوا جو بتایا جا سکتا اور نہ دکھایا جا سکتا ہے۔بعدازاں یہ بھی دیکھا گیا کہ عدالت پیشی پر شہباز گل کو سانس لینے میں دشواری کا سامناکرنا پڑا۔اس کے باوجود شہباز گل کا دوبارہ جسمانی ریمانڈ دیا گیا۔عمران خان نےشہباز گل کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کے فیصلے پر سخت ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تشدد کی وجہ سے شہباز گل کی ذہنی اور جسمانی صحت کی حالت نازک ہے،شہباز گل کو دوبارہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنا میرے اور پی ٹی آئی کے خلاف جھوٹے بیانات دے کر نشانہ بنانے کی سازش کا حصہ ہے،تمام قانونی اقدامات اٹھائیں گے۔

شہباز گل کے لیے سوشل میڈیا پر بھی آواز اٹھائی گئی۔عدالت نے بعدازاں شہباز گل کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات