ڈپٹی کمشنر جھل مگسی کی زیر صدارت ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

جمعہ 3 فروری 2023 23:04

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2023ء) ڈپٹی کمشنر جھل مگسی فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) یاسر حسین کی زیر صدارت ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر گنداواہ ہدایت اللّٰہ جاموٹ ، ایس پی جھل مگسی سبحان علی مگسی ،تحصیلدار گنداواہ ہادی بخش پہوڑ ، رسالدار (میجر) عبد الحکیم ابڑو ،ڈی ایس طارق علی ، ایس ایچ او سٹی سکندر علی لہڑی، انچارج CTD گنداواہ امیر بخش ابڑو ،انچارچ اسپیشل برانچ غلام فرید ترین و دیگر نائب تحصیلداران نے شرکت کی ۔

تمام آفیسران نے ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں اور جرائم کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھانے اور موثر لائحہ عمل بنانے کے حوالے سے مشاورت کی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر جھل مگسی فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) یاسر حسین نے اجلاس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تمام ٹرانسپورٹرز اپنے روٹ پرمٹ بنوائیں ،مسافر گاڑیوں کی چھتوں سے جنگلے ہٹادیں اور چھتوں پر مسافر اور پیٹرول و ڈیزل نہ لادیں تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع ہونے کا خدشہ نہ ہو۔ضلع میں امن و امان کی فضاءکو خراب کرنے اور نوتال ٹو گنداواہ شاہراہ پر ڈکیتی کی وارداتوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دشمنان ملک و ملت کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں،عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے سرپرائز ناکہ بندیاں ،سنیپ چیکنگ ، کیوآرایف موبائل، موثر گشت و موٹر سائیکل پیٹرولنگ ، جاری رکھ کر جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھ کر امن و امان کی فضاءقائم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔

انہوں نے سپیشل برانچ و سی ٹی ڈی کو فوری اسسمنٹ رپورٹ مرتب کرنے اور پولیس و لیویز فورس کے اہلکاروں کو موٹر سائیکل پیٹرولنگ ،کیو آر ایف و شاہراہوں پر پولیس اور لیویز کی ناکہ بندیاں بڑھانے، اور سکیورٹی آف آڈٹ کمیٹی بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں دیگر کئی اہم پہلووں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔