نگران وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں صحت یاب مریضوں کا تعین کرنے کیلئے 7رکنی کمیٹی تشکیل

جمعہ 3 فروری 2023 23:15

نگران وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں صحت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 فروری2023ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں صحت یاب مریضوں کا تعین کرنے کیلئے 7رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ممبر پنجاب مینٹل ہیلتھ اتھارٹی پروفیسر ڈاکٹر سعد بشیر ملک کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے جبکہ ممبر پنجاب مینٹل ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹرالطاف قادر، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر علی مداح ہاشمی ، سمز کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سمیرا قمر،جنرل ہسپتال کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر فائزہ اطہر،سینئر کلینیکل سائیکالوجسٹ سمز آسیہ منظور اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کمیٹی کے دیگر ممبران ہیں۔

محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیاہے۔

(جاری ہے)

خصوصی کمیٹی زیر علاج مریضوں کا معائنہ کرے گی اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں پیشنٹ آڈٹ کر کے مریضوں کی ذہنی حالت کا تعین کرے گی،کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ذہنی طور پر صحت یاب مریض گھر جاسکیں گے۔کمیٹی صحت یاب مریضوں کے گھر والوں کی مالی معاونت کے حوالے سے بھی سفارش کرسکے گی ۔

ڈسچارج مریضوں کی بحالی کیلئے سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال اوردیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے کمیٹی کی معاونت کرسکیں گے ۔ایگز یکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ خصوصی کمیٹی کی سفارشات پر عملدر آمد یقینی بنائیں گے۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہناہے کہ صحت یاب مریضوں کی اپنے گھروں میں واپسی ان کا بنیادی حق ہے۔ صحت یاب مریضوںکا دیگر مریضوں کے ساتھ ہسپتال میں رہنا کسی طورمناسب نہیں۔ فیملیز کو چاہیے کہ وہ صحت یاب مریضوں کو گھرلے جا کر ان کاخیال رکھیں کیونکہ مریض کی صحت یابی کے بعد پہلی خواہش گھر اپنی فیملی کے پاس جانا ہوتی ہے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ صحت یاب مریض ہسپتال سے ڈسچارج ہوکر اپنی فیملیز کے پاس جائیں