دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا

خیبرپختونخوا میں فرانزک لیبارٹری اورسیف سٹی منصوبہ شروع ہوگا، سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی تعمیر، جدید اسلحہ، ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی، بارڈر منیجمنٹ کو مزید مئوثر بنایا جائےگا۔ اعلامیہ ایپکس کمیٹی اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 3 فروری 2023 21:09

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 فروری 2022ء) وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، اعلامیہ میں بتایا گیا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، خیبرپختونخوا میں فرانزک لیبارٹری اورسیف سٹی منصوبہ شروع ہوگا، سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی تعمیر، تربیت، جدید اسلحہ، ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی، بارڈر منیجمنٹ اورامیگریشن کے نظام کو مزید مئوثر بنایا جائے گا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، حساس اداروں کے نمائندوں نے سیکیورٹی  کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے وفاق اور صوبوں کے درمیان حکمت عملی اپنانے پر اصولی اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

دہشتگردوں کی معاونت کرنے والے تمام ذرائع ختم کرنے پربھی اتفاق کیا گیا۔ ایپکس کمیٹی اجلاس کے شرکا کو دہشتگردوں کیخلاف کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی، موجودہ حالات کے مطابق نیشنل ایکشن پلان میں مزید بہتری کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب کی طرز پر خیبرپختونخوا میں جدید فرانزک لیبارٹری قائم کرنے کی بھی منظوری کی گئی۔ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں اسلام آباد اور لاہورجیسا سیف سٹی منصوبہ شروع ہوگا، دہشتگردوں کیخلاف تحقیقات، پراسیکیوشن اور سزا   کے مراحل پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں نیکٹا، سی ٹی ڈی اور پولیس کی اپ گریڈیشن کی تجاویز کی منظوری بھی دی گئی۔ تربیت، اسلحہ، ٹیکنالوجی اور دیگر ضروری سازوسامان کی فراہمی کی تجاویز کی اصولی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا میں فوری طور پر’’سی ٹی ڈی‘‘ ہیڈ کوارٹر کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔ پولیس، سی ٹی ڈی کی تربیت، استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا۔ سیکیورٹی اہلکاروں کو جدید آلات فراہم کئے جائیں گے، اجلاس میں بارڈر منیجمنٹ کنٹرول اور امیگریشن کے نظام کے حوالے سے جائزہ لیا گیا، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ضرورت کے مطابق قانون سازی کی جائے گی۔