پاکستان کی سب سے بڑی آئی کمپنی نے سعودیہ میں کاروبار شروع کردیا

کمپنی 6 سے 9 فروری تک ریاض میں ہونے والی ٹیکنالوجی کانفرنس سے اپنے نئے کاروباری سفر کا باقاعدہ آغاز کرے گی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 4 فروری 2023 10:59

پاکستان کی سب سے بڑی آئی کمپنی نے سعودیہ میں کاروبار شروع کردیا
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 فروری 2023ء ) پاکستان کی سب سے بڑی آئی کمپنی نے سعودی عرب میں کاروبار شروع کردیا ہے، اس مقصد کے لیے کمپنی کی جانب سے سعودی دارالحکومت ریاض میں اپنا علاقائی ہیڈ کوارٹر قائم کیاگیا ہے، کمپنی 6 سے 9 فروری تک ریاض فرنٹ ایکسپو سینٹر میں ہونے والی ٹیکنالوجی کانفرنس لیپ 2023ء سے اپنے نئے کاروباری سفر کا آغاز کرے گی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق کمپنی ’سسٹمز عربیہ‘ کے نام سے سعودی عرب میں مختلف کاروباری اداروں کو سافٹ ویئر کے حوالے سے حل اور منظم خدمات فراہم کرے گی، اس ضمن میں سسٹمز عربیہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کو مواصلات، بینکاری اور سرکاری شعبوں میں بڑے کاروباری اداروں اور صارفین کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی ہے، ٹیمینوس کی ایوارڈ یافتہ شراکت دار کمپنی این ڈی سی ٹیک کے حصول کے بعد سسٹمز گروپ منفرد طور پر ڈیجیٹل بینکوں، فن ٹیک کمپنیوں اور ادائیگی کی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی ڈیجیٹل ضروریات کو پورا کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

سسٹمز عربیہ کے جنرل منیجر راؤ حامد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ دو سالوں سے ہم نے کئی اہم اقتصادی اعشاریوں، حکومت کے وژن اور مملکت کی ترقی کی صلاحیت پر گہری نظر رکھی ہے اور ہمیں اس سے بہت امید ملی ہے، جس کے باعث سعودی عرب میں کام کرنے کے لیے ہم بہت پرجوش ہیں اور ہم ویژن 2030ء کے لیے فعال کردار ادا کرنے کے منتظر ہیں۔ سسٹمز گروپ کے سی ای او آصف پیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح پر کاروبار کے پھیلاؤ کے ساتھ ہم اپنے صارفین کو تیزرفتار حل فراہم کرنے کے علاوہ جدت، تخلیقی سوچ اور مستقل مزاجی کے ساتھ کمپنی کی ترقی کے لیے بھی پرعزم ہیں، دنیا بھر میں طویل مدتی طلب کا ماحول سب سے اہم مانا جاتا ہے اور ہم موجودہ اور نئی منڈیوں میں عمل انگیز کردار ادا کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔