فلم پٹھان کی غیر قانونی نمائش پر تین سال قید ہوسکتی ہے، سینسر بورڈ نے خبردارکردیا

ہفتہ 4 فروری 2023 12:12

فلم پٹھان کی غیر قانونی نمائش پر تین سال قید ہوسکتی ہے، سینسر بورڈ نے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2023ء) سندھ بورڈ آف فلم سینسرز کے ایکشن پر بھارتی فلم پٹھان کی کراچی میں غیرقانونی نمائش کو منسوخ کردیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق سندھ بورڈ آف فلم سینسرز نے کراچی میں بھارتی فلم پٹھان کی غیر قانونی نمائش کی خبروں کا نوٹس لیا تھا۔سینسرز بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے یہ علم ہوا ہے کہ فائر ورکس ایونٹس نامی کوئی ادارہ ڈی ایچ اے میں انڈین فلم پٹھان کی عوامی نمائش کا اہتمام کررہا ہے اور مذکورہ کمپنی نے فلم کے ٹکٹس بھی بک کرلئے ہیں۔

(جاری ہے)

سندھ بورڈ آف فلم سینسرز کی جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ کوئی بھی نجی پارٹی یا فرد کسی بھی فلم کی سرکاری یا پرائیوٹ سطح پر عام نمائش کا اہتمام کرنے کا حق نہیں رکھتا جب تک کسی فلم کو عوامی نمائش کیلئے باقاعدہ اجازت نامہ جاری نہ کیا گیا ہو۔چیئرمین بورڈ خالد بن شاہین نے اس حوالے سے کہا کہ سندھ موشن پکچرز ایکٹ 2011 کا سیکشن 4(10)کسی فلم کی پبلک یا پرائیویٹ نمائش کو ریگولیٹ کرتا ہے اور کوئی بھی بورڈ کی تصدیق کے بغیر فلم کی نمائش نہیں کرسکتا، اس لئے مناسب ہے کہ فلم پٹھان کی نمائش کو فوری طور پر منسوخ کردیا جائے۔