کئی دنوں سے میرا دوست عامر سعید راں غائب ہے،مونس الٰہی

پولیس اور نہ ایف آئی اے مانتی ہے کہ ان کے پاس ہے،آج عامر سعید کی سالگرہ کا لحاظ کر کے ہی پولیس،ایف آئی اے،یا پھر نیب کے حوالے کر دیں،سابق وفاقی وزیر

Abdul Jabbar عبدالجبار ہفتہ 4 فروری 2023 13:17

کئی دنوں سے میرا دوست عامر سعید راں غائب ہے،مونس الٰہی
لاہور(اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 04 فروری 2023ء) سابق وفاقی وزیر اور رہنما مسلم لیگ ق مونس الٰہی کا کہنا ہے کہ کئی دنوں سے میرا دوست عامرسعید راں غائب ہے۔ مونس الٰہی نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ عامر سعید راں سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کر کے نکلا تو اسے اٹھا لیا گیا تھا،اب نہ پولیس اور نہ ہی ایف آئی اے مانتی ہے کہ ان کے پاس ہے۔

عدالت نے بھی پوچھا ہے مگر کوئی جواب نہیں دے رہا،آج عامر سعید کی سالگرہ بھی ہے اس کی سالگرہ کا ہی لحاظ کر کے اسے پولیس،ایف آئی اے اور نیب کسی کے حوالے کر دیں۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے چوہدری پرویز الٰہی نے شیخ رشید کی گرفتاری اور عامر سعید راں کی مبینہ گمشدگی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مخالفین کیخلاف مقدمات،گرفتاریاں اور انتقامی کارروائیوں جاری ہیں،ایف آئی اے اور پولیس کو سیاسی مخالفین کو کچلنے کا ٹاسک دیا گیا،شیخ رشید کی گرفتاری اور عامر سعید راں کی گمشدگی لاقانونیت ہے،عدلیہ سے پوری امید ہے کہ وہیں سے ریلیف ملے گا۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف قومی یکجہتی کی فضا کو سبوتاژ کر رہے ہیں،شہباز شریف کی پالیسی بغل میں چھری منہ میں رام رام ہے،معیشت کو بھی تباہ کیا،امن و امان کی تباہی کے بعد بھی وہی ذمہ دار ہیں۔وفاقی حکومت ہو یا نگران سب الیکشن سے فرار کی کوشش کر رہے ہیں،عوام پی ڈی ایم اور نگران سیٹ اپ کے اقدامات کیخلاف سراپا احتجاج ہیں۔

علاوہ سابق وزیر اعلٰی نے کہا کہ نگران حکومت الیکشن کروانے کیلئے آئی ہے اس پر توجہ دے،ہمیں ڈرا دھمکا کر اور گرفتاریاں ڈال کر ہراساں نہیں کیا جا سکتا۔شیخ رشید سلجھے ہوئے سیاستدان اور ذمہ دار پارلیمنٹرین ہیں،نگران حکومت چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال نہ کرے، ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والے خدا کا خوف کریں،نگران حکومت انتخابات کرانے پر توجہ دے۔