سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد شادی کرنے والے میاں بیوی ڈکیت بن گئے

پولیس نے جوڑے سے 36 لاکھ مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی،دونوں نے شادی کے بعد ڈکیتی کا منصوبہ بنایا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 4 فروری 2023 13:22

سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد شادی کرنے والے میاں بیوی ڈکیت بن گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 04 فروری 2023ء) سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد شادی کرنے والے میاں بیوی ڈکیت بن گئے،پولیس نے جوڑے سے 36 لاکھ مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔سماء نیوز کے مطابق راولپنڈی پولیس نے کینیڈا میں مقیم مقامی تاجر کے گھر ڈکیتی کرنے والے میاں بیوی سمیت تین ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ڈکیتی کا واقعہ پنڈی مال روڈ پر رہائش پذیر شخص کے گھر پر پیش آیا۔

ملزمان چھت کے راستے گھر میں داخل ہوئے اور ملازمہ کے ہاتھ پاؤں باندھے۔ملزمان گھر سے ملکی و غیر ملکی کرنسی ، قیمتی گھڑیاں ،پرائز بانڈ سے بھری وزنی سیف نکال کر غائب ہوگئے۔ملازمہ نے پولیس تفتیش میں انکشاف کیا کہ ان کی سابقہ ملازم تین دیگر ملزمان کے ہمراہ گھر آئی۔

(جاری ہے)

ملزمان نے رسیوں سے باندھا اور گن پوائنٹ پر نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء لے گئے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اور ملزمہ کی سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد شادی ہوئی اور دونوں نے مل کر ڈکیتی کا منصوبہ بنایا۔تھانہ کینٹ پولیس نے دس روز قبل راولپنڈی میں اقلیتی شہریوں اور مقامی تاجر کے گھر ہونے والی بڑی ڈکیتی کا سراغ لگاتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جن سے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔،پولیس نے جوڑے سے 36 لاکھ مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔

دوسری جانب شاہدرہ ٹائون انویسٹی گیشن پولیس نے 2رکنی ڈکیت گینگ کو گرفتار کر لیا ہے، گرفتار ہونے والے ملزمان میں نہار اور عمر گلزار شامل ہیں، جن کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ یہ گروہ شاہدرہ سمیت پورے شہر میں ڈکیتی کی وارداتوں کیلئے متحرک تھا، پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے ایک موٹرسائیکل اور ناجائز اسلحہ برآمد کرلیا ہے، ملزمان سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔