Live Updates

ہم نے کبھی اشارہ نہیں دیا کہ امن برباد کرنے والوں کو معافی دی جائے

ہمارا مقصد خون بہانا نہیں جانیں بچانا تھا،وزیراعظم کی بے حسی پر تعجب اور افسوس ہوا،کہتے ہیں صوبائی حکومت 417 ارب روپے کا حساب دے،،وزیراعظم فیصلہ کریں سیاسی انتقام لینا ہے یا اے پی سی میں شرکت کی دعوت دینی ہے۔پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 4 فروری 2023 13:48

ہم نے کبھی اشارہ نہیں دیا کہ امن برباد کرنے والوں کو معافی دی جائے
لاہور(اُردو پوائنٹ ،اخبارتازہ ترین۔ 04 فروری2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک کے اداروں سے کچھ سوالات کرنا چاہتا ہوں،حکومت ملک میں یکجہتی چاہتی ہے یا انتشار ۔انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں صاف وشفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔من پسند نتائج کا ٹارگٹ دیا جا رہا ہے ایسا ہوا تو ناقابل تلافی نقصان ہو گا، اگر الیکشن فری اینڈفیئر نہیں ہوئے توالیکشن کمیشن کی ساکھ بہت متاثر ہو گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم فیصلہ کریں سیاسی انتقام لینا ہے یا اے پی سی میں شرکت کی دعوت دینی ہے۔دو چیزیں بیک وقت نہیں چل سکتیں، ایف آئی آر زکاٹی جا رہی ہیں۔شیخ رشید اور فواد چوہدری پر بھی مقدمہ درج ہوا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کی بے حسی پر تعجب اور افسوس ہوا،وزیراعظم کہتے ہیں صوبائی حکومت 417ارب روپے کا حساب دے۔حساب دینے سے کوئی نہیں کتراتا۔

نوازشریف وزیراعظم اور شہبازشریف پنجاب کے وزیرعلیٰ تھے،کیا پنجاب کی پولیس پر جو خرچ ہوا اس کا حساب دینے کو تیار ہیں۔پوری قوم 20 سال سے دہشتگردی کا مقابلہ کر رہی ہے۔ہماری حکومت کو ایک سازش اور مداخلت کے ذریعے رخصت کیا گیا۔ہماری حکومت کو ہٹا کرامپورٹڈ حکومت کو مسلط کر دیا گیا۔جائزہ لیں ان 9 ماہ کے دوران دہشتگردی بڑھی یا کم ہوئی، پچھلے 9 ماہ میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

حکومت کی ترجیحات میں معیشت اور دہشتگردی نہیں۔موجودہ حکومت کی ترجیحات بدل گئیں۔امپورٹڈ حکومت کا ایجنڈا قومی نہیں ذاتی ہے، کہا گیا موجودہ حالات کی ذمہ داری پی ٹی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضرب عضب بہت کامیاب آپریشن تھا،پوری قوم نے افواج کیساتھ تعاون کیا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم نے کبھی اشارہ نہیں دیا کہ امن برباد کرنے والوں کو معافی دی جائے۔ہمارا مقصد خون بہانا نہیں جانیں بچانا تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات