کراچی ، پولیس نے کالعدم قوم پرست تنظیم کا سرگرم ملزم گرفتار کرلیا

ہفتہ 4 فروری 2023 15:56

کراچی ، پولیس نے کالعدم قوم پرست تنظیم کا سرگرم ملزم گرفتار کرلیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2023ء) کراچی میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب کالعدم قوم پرست تنظیم کے ایک سرگرم رکن کو ملیر پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ملیر عرفان علی بہادر کے مطابق گرفتار ملزم حنیف عرف بلو بادشاہ کا نام سندھ پولیس کی مطلوب ملزمان کی ریڈ بک میں صفحہ نمبر 106 پر ہے۔

ایس ایس پی ملیر کے مطابق گرفتار دہشت گرد حنیف کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں رینجرز پر دستی بم حملوں میں ملوث ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم حنیف نے دہشت گردی کی تربیت افغانستان میں حاصل کی، جہاں ملزم نے چھوٹے بڑے تمام ہتھیار، راکٹ چلانے اور بم بنانے کی ٹریننگ لی، حنیف نے 2019 میں ایس آر اے میں شمولیت اختیار کی۔دہشت گردی کی کاررائیوں کے لیے آپس میں رابطہ موبائل ایپلی کمیشن ٹیلی گرام کے ذریعے کرتے ہیں، دہشت گردی کی پہلی واردات گلستان جوہر کامران چورنگی پر 10جون 2020 کو رینجرز پر دستی بم حملے سے کی، ملزم اور ساتھیوں نے 19 جون کو گھوٹکی میں رینجرز کی موبائل پر دستی بم سے حملہ کیا، 4 جولائی 2020 کو پنوں عاقل میں رینجرز کی گاڑی پر دستی بم پھینکا۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ اس نے 5 اگست 2020 کو کراچی میں کشمیر ریلی پر ہینڈ گرینڈ سے حملہ کیا، 5 اگست 2020 کو ہی کورنگی میں رانا جی اسٹیٹ پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا جبکہ 15 دسمبر 2020 کو کلفٹن میں چائنا ریسٹورنٹ کے مالک کی گاڑی پر میگنیٹک بم لگایا۔ پولیس نے کہا کہ ملزم نے 15 دسمبر 2020 کو شیخ زید کیمپس پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا، 22 دسمبر 2020 کو سپر ہائی وے جمالی پل پر چائینیز پر فائرنگ کر کے زخمی کیا، 2019 میں قائد آباد پل پر بارود سے بھری موٹر سائیکل کھڑی کی لیکن دھماکہ نہیں ہوسکا۔

ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ اسے دہشت گردی کی وارداتوں کا حکم ایس آر اے کا کمانڈر اصغر شاہ اور سجاد شاہ دیتا تھا۔ عرفان بہادر کے مطابق گرفتار دہشت گرد حنیف کے ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مار کارروائیاں جاری ہیں۔