بھارت میں تین سالہ بچی کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی

ہفتہ 4 فروری 2023 21:56

بھارت میں تین سالہ بچی کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 فروری2023ء) بھارت میں درندہ صفت افراد نے تین سالہ بچی کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنادیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ دارالحکومت نئی دہلی کے جنوبی علاقے میں پیش آیا جہاں دو ملزمان نے جنگل میں لے جاکر تین سالہ بچی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔پولیس کا کہنا ہیکہ واقعے میں ملوث دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کی شناخت 27 سالہ رام نیواس مشرا اور 22 سالہ شکتی مان سنگھ کے نام سے ہوئی جب کہ دونوں ملزمان مدھیا پردیش کے رہائشی ہیں۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان نئی دہلی کا کچرا اٹھانے والی مقامی کمپنی میں ہیلپر ہیں جب کہ دونوں ملزمان شادی شدہ ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہیکہ واقعے کی اطلاع بچی کی ماں نے دی جو متاثرہ بچی کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچی اور شکایت درج کرائی۔

(جاری ہے)

خاتون نے اپنی شکایت میں بتایا کہ اس کی تین سالہ بچی صبح سے لاپتا تھی اور اس نے جب بچی کی تلاش شروع کی تو اس کے پڑوسی نے بچی کو جنگل کی طرف دیکھے جانے کی اطلاع دی، جنگل میں بچی کی تلاش کے بعد وہ وہاں روتی ہوئی پائی گئی۔خاتون کے مطابق بچی کے مخصوص حصے سے خون بہہ رہا تھا اور پوچھنے پر بچی نے واقعے سے متعلق بتایا۔پولیس کا کہنا ہیکہ بچی کا میڈیکل کرایا جارہا ہے اور واقعہ کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔