بچے قوم کے مستقبل کے معمار ہیں، تعلیم خصوصاً معیاری تعلیم کا فروغ ملکی تعمیر وترقی کے لیے ناگزیر ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

ہفتہ 4 فروری 2023 22:52

بچے قوم کے مستقبل کے معمار ہیں،  تعلیم خصوصاً معیاری تعلیم کا فروغ ملکی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2023ء) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں، قوم کے مستقبل کو روشن اور تابناک بنانے کے لیے مستقبل کے ان معماروں کی بہترین تعلیم و تربیت ضروری ہے ۔انہوں کہا کہ تعلیم خصوصاً معیاری تعلیم کا فروغ ملکی تعمیر وترقی کے لیے ناگزیر ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے اجتماعی سطح پر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو گوجر خان میں ایک نجی سکول کی سالانہ تقریب میں بطورِ مہمان خصوصی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے ملک میں تعلیم کے فروغ کے لئے نجی شعبے کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے ساتھ ساتھ نجی شعبہ بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گوجر خان میں تعلیم کا فروغ ان کی اولین ترجیح ہے۔اسپیکر نے بچوں کو بہترین تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کے مواقع مہیا کرنے پر اسکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے روشن کل کے لیے مستقبل کے ان معماروں کی بہترین تعلیم و تربیت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے تقریب کے اختتام پر بچوں میں انعامات تقسیم کیے اور اسکول انتظامیہ کو اپنے ہر مکمن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔تقریب میں سکول انتظامیہ، اساتذہ ،طلباء و طالبات اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔