آئندہ ماہ پاک افغان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا اعلان

دونوں ٹیمیں شارجہ میں 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلیں گی۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 5 فروری 2023 19:33

آئندہ ماہ پاک افغان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 فروری2023ء) آئندہ ماہ پاک افغان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا اعلان کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز رواں سال مارچ کے آخر میں ہوگی، اس حوالے سے باقاعدہ اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کیا۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں ٹیمیں شارجہ میں 3 ٹی20 انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلیں گی، افغانستان کا دورہ آسٹریلیا منسوخ ہونے پر متبادل مصروفیت کے طور پر سیریز شیڈول کی گئی ہے، اس کے علاوہ افغانستان کو ایشین کرکٹ کونسل ( اے سی سی) ریونیو میں برابر حصہ دینا خوش آئند فیصلہ ہے ہم اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ بھارت نے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجی تو پاکستانی ٹیم بھی بھارت نہیں جائے گی تاہم اگر بھارتی بورڈ کا مؤقف تبدیل نہ ہوا تو ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں نجم سیٹھی نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے واضح کیا کہ بھارت نے اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان نہ بھیجی تو پاکستانی ٹیم بھی بھارت نہیں جائے گی۔ ذرائع کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ نیوٹرل وینیو کے طور پر یو اے ای اور قطر کے ناموں پر غور کیا جاسکتا ہے، ایشیاء کپ متاثر ہوا تو ورلڈکپ 2023ء اور چیمپئنز ٹرافی 2025ء پر بھی ڈیڈلاک ہوگا، مارچ میں اے سی سی اور آئی سی سی دونوں کے اجلاس شیڈولڈ ہیں، دوسری جانب اے سی سی اجلاس میں افغانستان کرکٹ پر بھی بات ہوئی اور بورڈ نے افغانستان کا بجٹ 9 فیصد سے بڑھاکر 15 فیصد تک کردیا ہے۔