پرویز مشرف کی میت پاکستان بھیجنے کی تیاری مکمل، این او سی جاری

ق پرویز مشرف کی میت المکتوم ائیرپورٹ سے پیرکی صبح 11 بجے روانہ ہوگی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 6 فروری 2023 00:00

پرویز مشرف کی میت پاکستان بھیجنے کی تیاری مکمل، این او سی جاری
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 فروری2023ء) پرویز مشرف کی میت پاکستان بھیجنے کی تیاری مکمل ہو گئیں۔ جبکہ این او سی بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اہل خانہ کے ذرائع کے مطابق پرویز مشرف کی میت المکتوم ائیرپورٹ سے پیرکی صبح 11 بجے روانہ ہوگی۔ سفارتی حکام کے مطابق دبئی قونصل خانے نے میت منتقل کرنے کیلئے این او سی جاری کردیا اور ان کا پاسپورٹ کینسل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف دبئی میں انتقال کرگئے۔ وہ طویل عرصے سے امریکن اسپتال دبئی میں زیرعلاج تھے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف کو راولپنڈی کے آرمی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا، اس مقصد کے لیے سابق آرمی چیف کی میت کل پاکستان لائے جانے کا امکان ہے، پرویز مشرف کی میت پاکستان لے کر جانے کے لیے سابق صدر کے اہل خانہ نے دبئی قونصل خانہ میں درخواست کردی ہے، جس کے بعد امکان ہے کہ پرویزمشرف کی میت لینے کیلئے پاکستان سے خصوصی طیارہ کل صبح دبئی پہنچے گا، یہ طیارہ نور خان ائیربیس سے دبئی کے المکتوم ائیرپورٹ پہنچے گا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پاکستان کے سابق صدر اور سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف 79 برس کی عمر میں متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں انتقال کرگئے، پرویز مشرف طویل عرصے سے بیمار تھے جس کے باعث وہ دبئی میں امریکن یسپتال میں زیر علاج تھے کیوں کہ سابق صدر اور پاک فوج کے سابق سربراہ 18 مارچ 2016ء سے متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں علاج کی غرض سے مقیم تھے، عسکری ذرائع سے بھی سابق صدر کے انتقال کی خبر کی تصدیق ہوئی ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ سابق آرمی چیف کا جسد خاکی پاکستان لایا جائے گا۔

بتاتے چلیں کہ سابق صدر پرویز مشرف 11 اگست 1943ء کو نئی دہلی میں پیدا ہوئے، 1964ء میں پاکستان آرمی میں شامل ہوئے، انہوں نے 1965ء و 1971ء کی جنگوں میں شرکت کی جب کہ 7 اکتوبر 1998ء کو بری فوج کے چیف آف اسٹاف کے منصب پر فائز ہوئے اور 12 اکتوبر 1999ء کو انہوں نے بحیثیت آرچیف چیف اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹ کر انہیں گرفتار کرلیا اور ریفرنڈم کے انعقاد کے بعد صدر منتخب ہوئے تھے۔ بعد ازاں اسمبلیوں نے بھی اس فیصلے کی توثیق کردی تھی سال 2004 میں آئین میں 17 ویں ترمیم کے ذریعے مزید 5 سال کے لیے پرویز مشرف باوردی صدر منتخب ہوئے، 9 سال بعد پرویز مشرف فوج کے سربراہ کے عہدے سے 28 نومبر 2007ء کو سبکدوش ہوئے اور 18 اگست 2008ء کو صدارت سے مستعفی ہوکر بیرون ملک چلے گئے۔