Live Updates

عمران خان کا ترکیہ ،شام اور لبنان میں زلزلے پر اظہارِ افسوس

ہماری دعائیں ہمارے بھائیوں کے ساتھ ہیں،مشکل وقت میں درکار تمام انسانی امداد پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 6 فروری 2023 13:35

عمران خان کا ترکیہ ،شام اور لبنان میں زلزلے پر اظہارِ افسوس
لاہور (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 06 فروری 2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ترکیہ میں زلزلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ ،شام اور لبنان کے عوام کے ساتھ ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ہماری دعائیں ہمارے بھائیوں کے ساتھ ہیں،مشکل وقت میں درکار تمام انسانی امداد پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔

۔جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ میں شدید زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر رنج وغم کا اظہارکیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کی حکومت اور عوام سے قیمتی جانوں کے ضیاع پرتعزیت کا اظہارکرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا،وزیراعظم نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلئے دعا کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام مشکل کی اس گھڑی میں برادر ملک ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔ ترکیہ نے ہر مشکل میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ پاکستان اپنے برادر ملک ترکیہ کے عوام اور حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی کے بڑھتے واقعات پوری دنیا کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے، یہ انسانیت اور کرہ ارض کی بقا کا معاملہ ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی کسی ایک ملک یا خطے تک محدود نہیں رہی۔خیال رہے کہ ترکی اور شام میں 7.8شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق ترکیہ میں ایمرجنسی سروس کے اہلکاروں نے بتایا کہ ترکیہ کے جنوب مشرقی علاقوں میں پیر کی صبح کو زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت ریکٹر سکیل پر 7.8ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کا مرکز صوبہ کہرامان مراش کے ضلع پزارجک میں 7کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ ترکی کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے بعد آدھے گھنٹے تک آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے اور کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں۔
ترک نائب صدر فوعا اوکتے کا کہنا ہے کہ ترکیہ میں زلزلے سے 1700 عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئی۔زلزلے کے نتیجے میں 284 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ 2 ہزار سے زائد افراد زخمی ہو گئے،زیادہ تباہی بلند عمارتیں گرنے کے نتیجے میں ہوئیں،ریسکیو کا کام جاری ہے، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ترک نائب صدر نے مزید کہا کہ ترکیہ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔عالمی برادری سے مدد کی اپیل کی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات