قرآن کے ترجمے میں تحریف کے عدالتی حکم پرعمل درآمد نہ کرنے کیخلاف درخواست پر چیف سیکرٹری ، آئی جی پنجاب اور سیکرٹری اوقاف سے جواب طلب

پیر 6 فروری 2023 16:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2023ء) لاہور ہائیکورٹ نے قرآن کے ترجمے میں تحریف کے عدالتی حکم پرعمل درآمد نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر چیف سیکرٹری ، آئی جی پنجاب اور سیکرٹری اوقاف پنجاب سے 16فروری کو جواب طلب کرلیا ۔عدالت نے ایک متفرق درخواست پر پی ٹی اے کو متنازعہ ویب سائٹ بلاک کرنے کی اجازت دے دی۔جسٹس شجاعت علی خان نے درخواست گذار شہری حسن معاویہ کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالت میں پی ٹی اے نے بھی متفرق درخواست دائر کی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ بعض ویب سائٹ متنازعہ مواد شائع کرتے ہیں جبکہ بعض یہاں پاکستان میں رجسٹرڈ بھی نہیں ہیں ۔ پی ٹی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وکی پیڈیا ویب سائٹ پاکستان میں رجسٹرڈ نہیں ہے ،اس نے پاکستان میں اپنی رجسٹریشن نہیں کرائی جس پر اسے بند کردیا گیا ہے ۔عدالت نے متنازعہ اور ممنوع مواد شائع کرنے والی ویب سائٹس کو بلاک کرنے کی اجازت دیتے ہوئے مزید سماعت 16 فروری تک ملتوی کردی۔