پی ایس ایل کے نمائشی میچ کا کوئٹہ میں انعقاد کا فیصلہ اچھا اقدام ہے، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی

پیر 6 فروری 2023 20:35

پی ایس ایل کے نمائشی میچ کا کوئٹہ میں انعقاد کا فیصلہ اچھا اقدام  ہے، ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2023ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پی ایس ایل کے نمائشی میچ کے کوئٹہ میں انعقاد کے فیصلہ کو اچھا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ تمام کھلاڑیوں کو بلوچستان آمد پر خوش آمدیدکہتے ہیں ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کھیلوں سےدلچسپی رکھتے ہیں ،اس حقیقت کے پیش نظر بلوچستان میں کھیلوں کے مزید ایونٹس منعقد کئے جائیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ وہ کر کٹ میچ کے انعقاد کے سلسلے میں بلوچستان حکومت، وزیر اعلی بلوچستان،پاک فوج،قانون نافذ کرنے والے اداروں اور تمام انتظامیہ کو مبارک باد پیش کرتے ہیں ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مشکل حالات میں تمام اداروں نےملکر اس ایونٹ کے لئے بھر پور انتظامات کئے ہیں، انکی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا جوش وخروش دیکھنے کے لائق ہے، ہر بندہ کھیل کے میدان میں اپنے قومی کھلاڑیوں کو دیکھنے کے لئے بے تاب ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا ہے کہ مستقبل میں بھی ایسے میچز کا انعقاد کیا جائے تاکہ عوام کو تفریح کا ذریعہ میسر ہو۔