Live Updates

شیخ رشید احمد کی درخواست ضمانت میں ریکارڈپیش نہ ہونے پر سماعت ملتوی

پیر 6 فروری 2023 22:42

شیخ رشید احمد کی درخواست ضمانت میں ریکارڈپیش نہ ہونے پر سماعت ملتوی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2023ء) سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ عمرشبیرکی عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری پر عمران خان قتل سازش کیس میں گرفتارعوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی درخواست ضمانت میں ریکارڈپیش نہ ہونے پر سماعت ملتوی جبکہ کراچی پولیس کی جانب سے راہداری ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئےتھانہ مری پولیس کی جانب سے شیخ رشید احمد کو شامل تفتیش کرنے کی استدعامنظورکرلی۔

پیر کے روز سماعت کے دوران کراچی پولیس کے تفتیشی افسر اور پراسیکیوٹرمحمد انور کے علاوہ دیگر عدالت پیش ہوئے اور شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے جیل میں ہی تفتیش کا حکم دیا۔دوران سماعت پراسیکیوٹر کی جانب سے درخواست ضمانت پر دلائل کیلئے مہلت کی استدعا کی گئی جس پر عدالت نے12بجے تک کا وقفہ کردیا، جس کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہونے پر تھانہ آبپارہ پولیس حکام عدالت پیش ہوئے اور کہاکہ کیس کا ریکارڈ ابھی نہیں پہنچا، کچھ وقت دیاجائے،جس پر عدالت نے دوبارہ ساڑھے بارہ بجے تک کا وقفہ کردیا، جس کے بعد سماعت شروع ہونے پر پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر ہائیکورٹ گیاتھا ابھی تک ریکارڈ لے کر نہیں آیا، استدعا ہے کہ سماعت دو روز کیلئے ملتوی کی جائے، درخواست ضمانت پر دلائل کیلئے تیاری بھی کرنی ہے، جس پر عدالت کے جج نے کہاکہ دو روز تو نہیں ایک دن کا وقت دے دیتاہوں، کوئی ایک وقت بتادیں تاکہ عدالت کے دیگر کیسز میں خلل پیدا نہ ہوسکے، جس پر وکلاء کے اتفاق رائے سے عدالت نے سماعت آج ساڑھے بارہ بجے تک کیلئے ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

عدالت نے تھانہ مری پولیس کی جانب سے شیخ رشید احمد کو شامل تفتیش کرنے کی استدعا منظود کرلی اوراسلام آباد ہائی کورٹ احکامات کی روشنی میں تھانہ موچکو کراچی پولیس کی راہداری ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی، عدالت نے شیخ رشید احمد سے اہل خانہ اور وکلاء کی ملاقات کیلئے دائر درخواست پر اڈیالہ جیل سپریٹنڈنٹ سے رجوع کرنے کا حکم دےدیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات