شہر قائد میں درجہ حرارت میں واضح اضافہ

سردی کا موسم اختتام کو پہنچ گیا، فروری میں ہی موسم گرم ہو جانے کی پیشن گوئی

muhammad ali محمد علی منگل 7 فروری 2023 00:27

شہر قائد میں درجہ حرارت میں واضح اضافہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 فروری 2023ء) شہر قائد میں درجہ حرارت میں واضح اضافہ، سردی کا موسم اختتام کو پہنچ گیا، فروری میں ہی موسم گرم ہو جانے کی پیشن گوئی۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں بلوچستان کی شمال مشرقی ہواوں کے اثرات مکمل طورپرختم ہوچکے ہیں جس کے باعث شہر کا موسم گرم ہونا شروع ہو گیا۔ کراچی میں پیر کوکم سے کم درجہ حرارت 15.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گزشتہ روز کے مقابلے میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے 32.5ڈگری ریکارڈ ہوا۔

بتایا گیا ہے کہ کراچی میں ہوا میں نمی کاتناسب 50فیصد تک بڑھنےکے سبب دوپہر کے وقت حدت محسوس کی جاسکتی ہے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے رواں برس درجہ حرارت میں معمول سے زیادہ اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے حال ہی میں جاری کی گئی رپورٹ میں ڈائریکٹر محکمہ موسمیات شاہد عباس کی جانب سے بتایا گیا کہ فروری کے وسط سے پنجاب سمیت لاہور میں گرمی کے اثرات رونما ہونا شروع ہو جائیں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر رواں سال بھی وقت سے پہلے ہی موسم گرما کا آغاز ہو جائے گا، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث رواں سال بارشوں میں بھی کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشیں معمول سے کم ہونے پر درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ یہاں یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن نتائج کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ گزشتہ سال موسم سرما کے اختتام پر بہار کا موسم آنے کے بجائے یکدم موسم گرما شروع ہو گیا تھا، جو بعد ازاں تباہ کن سیلابی بارشوں کا باعث بنا۔