ترکیہ اور شام کے تباہ کن زلزلے میں تباہی کے مناظر سے دماغ سن ہو گئے ہیں،وزیراعظم

بڑے پیمانے پر انسانی المیہ دلی دکھ اور صدمے کا باعث بنتا ہے،یکجہتی اور بروقت امداد سے دکھی انسانیت کی مدد کرنی چاہیے،شہباز شریف

Abdul Jabbar عبدالجبار منگل 7 فروری 2023 11:20

ترکیہ اور شام کے تباہ کن زلزلے میں تباہی کے مناظر سے دماغ سن ہو گئے ہیں،وزیراعظم
اسلام آباد (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔07 فروری 2022ء) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ترکیہ اور شام کے تباہ کن زلزلے میں تباہی کے مناظر دماغ کو سُن کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں ہے کہ ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے کے 24 گھنٹے گزر گئے لیکن تباہی کے مناظر سے دماغ سُن ہو گئے ہیں۔بڑے پیمانے پر انسانی المیہ دلی دکھ اور صدمے کا باعث بنتا ہے،یکجہتی اور بروقت امداد سے دکھی انسانیت کی مدد کرنی چاہیے۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کل صبح انقرہ روانہ ہوں گے،وہ صدر طیب اردوان سے زلزلے کی تباہی اور جانی نقصان پر اظہار افسوس کریں گے۔ شہباز شریف ترکیہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کریں گے،وزیراعظم کے دورہ ترکیہ کی وجہ سے 9 فروری کو بلائی گئی اے پی سی مؤخر کی جا رہی ہے،اتحادیوں کی مشاورت سے اے پی سی کی نئی تاریخ کا اعلان ہو گا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر طیب اردگان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور زلزلے کے باعث تباہی پر اظہار افسوس کیا۔ شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر رنجیدہ ہیں،آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان ترکیہ کی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے زلزلے کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے دعائے مغفرت کی،زخمیوں کی صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔

جبکہ ترک صدر طیب اردگان نے بتایا کہ ترکیہ میں زلزلے سے 2 ہزار سے زائد عمارتیں متاثر ہوئیں، ترکیہ میں زلزلے سے 5 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ 2440 لوگوں کو اب تک ریسکیو کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ زلزلے کے بعد 45 ممالک نے مدد کی پیشکش کی،تاریخ کے بدترین زلزلے سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔