Live Updates

رواں ہفتے کے آخر تک پنجاب اور اگلے ہفتے خیبر پختو نخوا الیکشن کی تاریخ آ جائے گی،اسد عمر

حکومت آئین توڑنے کی باتیں چھوڑے اور الیکشن کیلئے میدان میں آئے،قوم سے آپ کو بے تحاشہ مار پڑنے والی ہے،جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی

Abdul Jabbar عبدالجبار منگل 7 فروری 2023 13:13

رواں ہفتے کے آخر تک پنجاب اور اگلے ہفتے خیبر پختو نخوا الیکشن کی تاریخ ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔07 فروری 2022ء) تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری پر امید ہیں کہ اس ہفتے کے آخر تک پنجاب اور اگلے ہفتے خیبر پختو نخوا الیکشن کی تاریخ آ جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے ہفتے پاکستان کی سمت کا تعین ہونے والا ہے،فیصلہ ہو چکا ہے کہ ملک کو آئین کی بنیاد پر چلانا ہے،جیسے ہی پاکستان الیکشن کی طرف جائے گا تو حقیقی آزادی کی طرف پہلا قدم ہو گا،90 دن میں الیکشن نہ کرا کر آرٹیکل 6 کے مرتکب نہ ہوں۔

لاہور ہائیکورٹ قرار دے چکی ہے کہ الیکشن 90 روز کے اندر اندر ہونے ہیں،آئین توڑنے کی باتیں چھوڑ دیں،الیکشن کی تیاری کریں اور میدان میں آئیں۔ اسد عمر نے کہا کہ پاکستانی قوم سے آپ کو بے تحاشہ مار پڑنی والی ہے،الیکشن نہ ہونے کی وجہ سے معاشی صورتحال خراب ہے،آئی ایم ایف وفد پاکستان میں ہے،مذاکرات ہو رہے ہیں،مفتاح اسماعیل کو وزارت سے ہٹانا اسحاق ڈار کی خواہش تھی۔

(جاری ہے)

جب معاملات ان کے ہاتھ سے نکل گئے تو کہتے ہیں کہ عمران خان کا معاہدہ تھا،ستمبر میں ان کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہوا،اسحاق ڈار نے کہا تھا آئی ایم ایف کو دیکھ لوں گا،معاہدے پر آئی ایم ایف نے رقم بھی ریلیز کی۔ انکا کہنا تھا کہ تاریخ کی بدترین مہنگائی سے گزر رہے ہیں،ملک میں ہیجان کی کیفیت نظر آرہی ہے،چوہدری پرویز الہٰی تو کبھی شاندانہ گلزار کے گھر پر چھاپے مارے جاتے ہیں،قوم نے فیصلہ کر لیا ہے،اب کوئی نہیں روک سکتا،ان کو پتا ہے پرانے نظام کے دن ختم ہو رہے ہیں۔

قبل ازیں اسد عمر نے مہنگائی اور بڑھتی بیروزگاری سے توجہ ہٹانے کے حکومتی طریقہ کار بارے بتایا اور کہا کہ حکومت نے عوام کی توجہ تاریخ کی بدترین مہنگائی اور بڑھتی ہوئی بیروزگاری سے ہٹانے کا طریقہ نکالا ہے۔حکومت نے طریقہ یہ نکالا ہے کہ کسی تحریک انصاف کے لیڈر یا معروف صحافی کو گرفتار کرو تاکہ میڈیا میں یہی چلتا رہے،عوام جس تکلیف سے گزر رہے ہیں اس کی بات ہی نہ ہو۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات