صرف 6 ماہ میں تقریباً 8 لاکھ پاکستانیوں نے عمرہ کیا

دنیا بھر سے اس عرصے میں 45 لاکھ سے زائد مسلمانوں نے عمرہ کی سعادت حاصل کی‘ انڈونیشیا سرفہرست

Sajid Ali ساجد علی منگل 7 فروری 2023 15:50

صرف 6 ماہ میں تقریباً 8 لاکھ پاکستانیوں نے عمرہ کیا
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 فروری2023ء) گزشتہ 6 ماہ میں 45 لاکھ سے زائد مسلمانوں نے عمرہ کیا، انڈونیشیائی سرفہرست ہیں اور اس کے بعد پاکستانی اور ہندوستانی باشندے شامل ہیں۔ گلف نیوز کے مطابق مملکت میں جاری سرکاری اعداد و شمار سے پتا چلا ہے کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران 45 لاکھ سے زائد بیرون ملک مقیم مسلمان عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچے، سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ جون کے آخر میں اسلامی سال کے آغاز سے اس ہفتے کے اوائل تک کے اعداد و شمار میں ہوائی راستے سے آنے والے 40 لاکھ افراد شامل ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ انڈونیشیا کے عمرہ زائرین 10 لاکھ کے ساتھ سرفہرست ہیں، اس کے بعد پاکستانی ہیں جن کی تعداد 7 لاکھ 92 ہزار 208 ہے، بھارت سے 4 لاکھ 48 ہزار 765 فرزندان توحید عمرہ ادا کرنے سعودی عرب آئے جب کہ مصری عمرہ زائرین کی تعداد 3 لاکھ 06 ہزار 480 رہی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب نے حالیہ مہینوں میں عمرہ کرنے کے لیے ملک آنے کے خواہشمند مسلمانوں کے لیے بہت سی سہولیات کی نقاب کشائی کی ہے، مختلف قسم کے داخلے کے ویزے رکھنے والے مسلمانوں کو ذاتی، وزٹ اور سیاحتی ویزے کے حامل افراد کو مکہ مکرمہ کی عظیم الشان مسجد میں عمرہ کرنے اور ای اپوائنٹمنٹ کی بکنگ کے بعد مدینہ میں مسجد نبوی میں روضہ شریف جانے کی اجازت ہے۔

اس کے علاوہ سعودی حکام نے عمرہ ویزا کی مدت بھی 30 دن سے بڑھا کر 90 کر دی ہے اور حاملین کو تمام زمینی، فضائی اور سمندری راستوں سے مملکت میں داخل ہونے کی اجازت دے دی ہے، ایک اور سہولت فراہم کرنے والے قدم میں سعودی عرب نے کہا ہے کہ اس کے شہری بیرون ملک اپنے دوستوں کو مملکت کا دورہ کرنے اور عمرہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

پچھلے مہینے کے آخر میں سعودی عرب نے ایک اسٹاپ اوور ٹرانزٹ ویزا شروع کیا، جس کے حامل کو عمرہ کرنے، مسجد نبوی ﷺ میں جانے اور مملکت بھر میں مختلف تقریبات میں شرکت کرنے کی اجازت دی گئی، چار دن کا ٹرانزٹ ویزا 90 دنوں کے لیے کارآمد ہے، مسافر کے ٹکٹ کے ساتھ ہی مفت ٹرانزٹ ویزا خود بخود جاری ہو جاتا ہے، مسافر سعودی قومی کیریئرز السعودیہ اور فلائی ناس کے الیکٹرانک پلیٹ فارم کے ذریعے ٹرانزٹ ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔