Live Updates

پرویز الٰہی کا نگران حکومت کے اقدامات کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

نگران حکومت انتخابات کو پس پشت ڈال کر انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے،عوام ووٹ کی طاقت سے حکمرانوں کے غیر قانونی اقدامات کا جواب دیں گے،سابق وزیراعلٰی پنجاب

Abdul Jabbar عبدالجبار منگل 7 فروری 2023 16:24

پرویز الٰہی کا نگران حکومت کے اقدامات کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا ..
لاہور (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔07 فروری 2022ء) سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے نگران پنجاب حکومت کے اقدامات کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلٰی پنجاب پرویز الٰہی سے لیگل ٹیم نے ملاقات کی جس میں پی ٹی آئی رہنما راجہ بشارت بھی شریک ہوئے،ملاقات میں نگران حکومت کے اقدامات سے متعلق مشاورت کی گئی جبکہ ترقیاتی پراجیکٹ رکوانے اور سیاسی رہنماوں کی گرفتاریوں پر گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی کی گرفتاری اور انکی رہائش گاہ پر چھاپے کی مذمت کرتے ہیں،نگران حکومت چادر چار دیواری کا تقدس پامال کر رہی ہے،نگران سیٹ اپ انتخاب کو پس پشت ڈال کر انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے۔

(جاری ہے)

حکومت کی انتقامی کارروائیوں کا عوام الیکشن میں بدلہ لیں گے،لوگ ووٹ کی طاقت سے حکمرانوں کے غیر آئینی اورغیر قانونی اقدامات کا جواب دیں گے۔

سابق وزیراعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ نگران سیٹ اپ آئین اور قانون سے کھیل رہا ہے،پنجاب اسمبلی 14 جنوری کو تحلیل ہوئی لیکن تاحال گورنر تاریخ نہیں دے رہا،امید ہے کہ عدلیہ کا اس حوالے سے فیصلہ تاریخی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخاب کے لئے بننے والی نگران حکومت الیکشن سے ہی راہ فرار اختیار کر رہی ہے،نگران سیٹ اپ جان لے کہ انتخابات کے علاوہ ان کا کوئی مینڈنٹ نہیں،حکمران پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ دینے سے خوفزدہ ہیں۔

چوہدری پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو انتقام کے ایجنڈے کے سوا کوئی اورکام ہی نہیں،شہبازشریف نے معیشت تباہ کرکے رکھ دی،سب نام نہاد تجربے بے نقاب ہو گئے،شہبازشریف کا صرف شعبدہ بازی کا تجربہ ہے،ان کی ناقص گورنس ساری دنیا نے دیکھ لی ہے۔ قبل ازیں چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ سیاسی مخالفین کیخلاف مقدمات،گرفتاریاں اور انتقامی کارروائیوں جاری ہیں،ایف آئی اے اور پولیس کو سیاسی مخالفین کو کچلنے کا ٹاسک دیا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات