اماراتی شہریوں کی ملازمت کا ہدف حاصل کرنے کی نئی ڈیڈلائن

متحدہ عرب امارات نے یکم جولائی تک نئے ہدف کو پورا نہ کرنے والی نجی کمپنیوں پر جرمانوں کا اعلان کردیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 7 فروری 2023 17:13

اماراتی شہریوں کی ملازمت کا ہدف حاصل کرنے کی نئی ڈیڈلائن
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 فروری2023ء) متحدہ عرب امارات نے یکم جولائی تک نئے اماراتی ہدف کو پورا نہ کرنے والی نجی کمپنیوں کے لیے جرمانے کا اعلان کردیا، فرموں کو اب ہر چھ ماہ بعد اپنے اماراتی ملازمین کی تعداد میں 1 فیصد اضافہ کرنا ہوگا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق انسانی وسائل اور امارات کے وزیر ڈاکٹر عبدالرحمٰن الاوار نے کہا ہے کہ ترمیم شدہ اسکیم کے تحت اماراتی اہداف کو پورا کرنے میں ناکام رہنے والی نجی کمپنیوں کے لیے جرمانے اب سال کے آخر میں نہیں بلکہ 'نیم سالانہ' عائد کیے جائیں گے، وہ فرم جو یکم جولائی تک اماراتی ملازمین میں 1 فیصد اضافے کا ہدف حاصل نہیں کر پائیں گی ان پر فی اماراتی شہری کے بدلے 7 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا جس کی خدمات حاصل نہیں کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ جرمانے نئے نہیں ہیں بلکہ یہ اماراتی اسکیم کو نافذ کرنے کا عمل ہے جس پر نظر ثانی کی گئی ہے، جرمانوں کا نفاذ (ان فرموں پر جو اہداف کو پورا نہیں کرتی ہیں) اب سال کے آخر تک انتظار کرنے کی بجائے ہر 6 ماہ بعد ہوگا، اس کے تحت خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں پر یکم جولائی سے جرمانہ عائد کیا جائے گا اور 2022 سے عدم تعمیل پر جرمانے وصول کیے جاتے رہیں گے۔

وزیر نے بتایا کہ نجی فرموں کو اب ہر چھ ماہ میں ہنر مند ملازمتوں میں اماراتیوں کی تعداد میں 1 فیصد اضافہ کرنا ہوگا، یوں کمپنیاں سال کے آخر تک مجموعی طور پر 2 فیصد ہدف حاصل کرنے کی پابند ہوں گی، ترامیم میں کمپنیوں کے لیے کوئی اضافی تقاضے یا جرمانے شامل نہیں ہیں، وزارت ان کمپنیوں کی جانچ کرنا چاہتی ہے جنہوں نے وسط سال تک اماراتی اہداف حاصل کر لیے ہیں، جرمانے اور اماراتی اہداف ایک جیسے رہے ہیں لیکن یہ صرف عمل درآمد اور نگرانی کا عمل ہے جو بدل گیا ہے۔