حکومت، افواج اور عوام مل کر دوبارہ دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے،ڈاکٹر عارف علوی

منگل 7 فروری 2023 22:59

حکومت، افواج اور عوام مل کر دوبارہ دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے،ڈاکٹر ..
اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2023ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم، سیکورٹی فورسز اور افواج نے دہشت گردی کا جیسے مقابلہ کیا دنیا میں کہیں اس کی مثال نہیں ملتی، حکومت، افواج اور عوام مل کر دوبارہ دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے۔ وہ منگل کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں پولیس لائنز دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے دھماکے کے زخمیوں کے احوال بارے طبی عملے اور انتظامیہ سے تفصیلی بات کی۔ انہوں نے زخمیوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ انہوں نے دھماکے میں بچ جانے والی واحد خاتون زخمی کی بھی عیادت کی اور واقعہ میں خاتون کے خاندان کے افراد کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے زخمیوں کو دی جانے والی طبی امداد پر اطمینان کا اظہارکیا اور کہا کہ پولیس لائنز دھماکہ ایک تکلیف دہ اور گھنائونا واقعہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا ملک سے مکمل قلع قمع کریں گے اور حکومت، افواج اور عوام مل کر دوبارہ دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے۔انہوںنے کہاکہ میری آمد میں تاخیر کی وجہ امدادی سرگرمیوں میں خلل کا باعث نہ بننا ہے،دکھ کی اِس گھڑی میں شہداکے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اورزخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت، انتظامیہ اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی جانب سے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، جن افراد نے دھماکے میں اپنے پیاروں کو کھویا ان کے نقصان کا ازالہ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شہدا کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے امداد خوش آئند ہے۔