نگران وزیراعلیٰ کاپنجاب میں زیر تعلیم کشمیری طلبہ کی ٹیوشن فیس ختم کرنے ،لیپ ٹاپ دینے کا اعلان

منگل 7 فروری 2023 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2023ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے انقلابی فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب میں زیر تعلیم کشمیری طلبہ کی ٹیوشن فیس ختم کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ200 کشمیری طلبہ کو حکومت پنجاب کی طرف سے لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے یہ اعلان پنجاب میں زیر تعلیم کشمیری طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجنہو ں نے وزیراعلیٰ آفس میں ان سے ملاقات کی۔

کشمیری طلبہ کے وفد نے یوم یکجہتی کشمیر پر پنجاب بھر میں تقریبات کے انعقاد کو سراہا ۔ ملاقات کے دوران ترکیہ اور شام میں زلزلے سے جاں بحق ہونے وا لے شہریوں کے لئے دعا کی گئی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کشمیری طلبہ کے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کیلئے ٹریفک حکام کو ضروری ہدایات دیں اور کہا کہ بینک آف پنجاب کو کشمیری طلبہ کے اکائونٹ کھولنے کے لئے ہدایت جاری کی جائے گی۔

(جاری ہے)

میڈیکل کالجز میں زیر تعلیم کشمیری طلبہ کے لئے پوسٹ گریجوایٹ کوٹہ مختص کرنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ کشمیری طلبہ کے ویزا کے مسائل حل کرنے کے لئے وزیراعظم سے درخواست کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری طلبہ ہمارے اپنے بچوں کی مانند ہیں۔ کالم نویس توفیق بٹ نے کہا کہ کشمیر اور کشمیریوں کے لئے پاکستانیوں کے دل کے دروازے کھلے ہیں۔

پنجاب میں زیر تعلیم کشمیری طلبہ نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر، صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، کالم نویس توفیق بٹ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر، سیکرٹری اطلاعات، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی خالد مسعود گوندل، نائب صدر پنجاب میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹر سلمان حیدر کاظمی، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی ڈاکٹر حمیرا مفتی، پروفیسر منیزہ اور پروفیسر بلقیس شبیر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔