ملتان: سی ٹی ڈی کی کارروائی، مبینہ دہشت گرد خودکش جیکٹ سمیت گرفتار

گرفتار دہشت گرد کیخلاف مقدمہ درج کرکے اسے مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، سی ٹی ڈی حکام

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 8 فروری 2023 00:04

ملتان: سی ٹی ڈی کی کارروائی، مبینہ دہشت گرد خودکش جیکٹ سمیت گرفتار
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 فروری 2022ء) سی ٹی ڈی کی کارروائی، مبینہ دہشت گرد خودکش جیکٹ سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار دہشت گرد کیخلاف مقدمہ درج کرکے اسے مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کارروائی کرکے ایک مبینہ دہشت گرد کو خودکش جیکٹ سمیت گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم حماد سے پستول، گولیاں اور کالعدم تنظیم کے اسٹیکرز بھی ملے ہیں۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ملتان میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران ایک مبینہ دہشت گرد حماد کو گرفتار کیا گیا، جس سے خودکش جیکٹس، اسلحہ اور کالعدم تنظیم کے اسٹیکرز بھی برآمد ہوئے ہیں۔ دوسری جانب سانحہ پشاور کیلئے قائم تحقیقاتی ٹیم دھماکے میں ملوث دہشتگرد تنظیم اور سہولتکاروں تک پہنچ گئی ، پولیس لائنز دھماکے کیلئے دہشتگردوں کو افغانستان میں مقیم ایک شخص کے ذریعے فنڈنگ ہوئی۔

(جاری ہے)

جیو نیوز کے مطابق پشاور پولیس لائنز دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، دہشتگردوں کو افغانستان میں مقیم ایک شخص کے ذریعے فنڈنگ ہوئی، تحقیقاتی ٹیم دھماکے میں ملوث دہشتگرد تنظیم اور سہولتکاروں تک پہنچ گئی ہے، مسجد میں خودکش حملے میں کالعدم تنظیم اور اس کا ذیلی گروپ ملوث ہے۔ گزشتہ روز خودکش حملہ آور کو موٹرسائیکل فروخت کرنے والوں کو حراست میں لے لیا گیا تھا، ہم نیوز کے مطابق ذرائع تحقیقاتی ٹیم کا کہنا ہے کہ پشاور پولیس لائنز مسجد دھماکے کی تفتیش جاری ہے، سی ٹی ڈی اور پولیس کی تحقیقاتی ٹیم خودکش حملہ آور کو موٹرسائیکل خرید وفروخت کرنے والے افراد تک پہنچ گئی ہے، پولیس لائنز میں مزدوری کرنے والے شخص نے بھی موٹرسائیکل فروخت کی، دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل 2 مرتبہ سرکی بازار میں فروخت کی گئی، موٹرسائیکل فروخت کرنے والوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دسمبر اور جنوری میں دو بار موٹرسائیکل فروخت کی گئی۔ موٹرسائیکل فروخت کرنے والے مشتبہ شخص نے 5 دن بعد پاسپورٹ کیلئے درخواست دی۔ مزید برآں سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا نے پشاور پولیس لائنز مسجد میں خودکش دھماکے میں ملوث دہشت گرداور سہولت کا ر کے بارے میں معلومات فراہم کرنےوالے کیلئے انعام مقرر کر دیا، دھماکے میں ملوث خود کش بمبار اور سہولت کار کے بار ے معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے، سی ٹی ڈی نے دہشت گرد کے سہولت کار کی گرفتار ی کے لئے عوامی اشتہار بھی جاری کر دیا ہے۔