فیصل آباد میں چھوٹے و بڑے جانوروں ومویشیوں کی تعداد 17لاکھ70ہزارسے تجاوز کر گئی

جمعرات 9 فروری 2023 15:00

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2023ء) فیصل آباد میں چھوٹے و بڑے جانوروں او رمویشیوں کی تعداد 17لاکھ70ہزارسے تجاوز کرگئی ہے جن میں گائے، بھینسیں، بھیڑ بکریاں اور دیگر مویشی و جانور بھی شامل ہیں جن کی حفاظت اور انہیں مختلف موسمی و متعدی امراض سے بچانے کیلئے تمام ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آبادڈویڑن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حیدر علی خان نے بتایاکہ ضلع فیصل آباد میں موجود 489000گائیوں، 169311 بھینسوں، 105496بھیڑوں،933000 بکریوں،11712 اونٹوں،27979 گھوڑوں اور 7502خچروں کو مختلف موسمی، وبائی و متعدی امراض سے بچانے کیلئے تمام ویٹرنری ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں علاج معالجہ کی تمام سہولیات بہم پہنچائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ سردی میں کاٹا مرض پھیلنے کا اندیشہ تھا تاہم جانوروں کو بر وقت ویکسین دی گئی جس سے یہ خدشہ ختم ہوگیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ شدید سردی میں جانوروں کو منہ کھر کی بیماری کا خطرہ لاحق ہوتا ہے لیکن اب اس بیماری پر بھی قابو پانے کیلئے جانوروں کی بروقت ویکسینیشن کروا دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ فارمرز کی سہولت کیلئے تمام ویٹرنری ہسپتالوں و ڈسپنسریوں میں جانوروں کے علاج معالجہ اور حفاظت کیلئے ٹیکے موجود ہیں لہٰذا مویشی پال حضرات کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں فوری قریبی ویٹرنری مرکز سے رابطہ کرسکتے ہیں انہوں نے بتایا کہ محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے مویشی پال خواتین و حضرات کی سہولت کیلئے تحصیل کی سطح پر ویٹرنری ہسپتالوں میں ڈبل شفٹ کا آغاز کر دیاہے جہاں ہفتہ کے ساتوں دن 24 گھنٹے عملہ دستیاب ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد ڈویڑن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ کی تمام تحصیلوں میں حکومت پنجاب کی خصوصی ہدائت پر کسانوں کی سہولت کیلئے ہر تحصیل میں ایک ویٹرنری ہسپتال اب14گھنٹے کھلا رہے گا۔انہوں نے بتایاکہ مویشی پال حضرات سمیت تمام شہریوں کو ویٹرنری اور علاج معالجہ کی سہولت کی بلا تعطل فراہمی جاری رکھی جا ئے گی جبکہ دوران شفٹ ویٹرنری اور پیرا ویٹرنری سٹاف کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے بتایاکہ مویشی پال خواتین و حضرات کی سہولت کیلئے ان کے پالتو جانوروں کے علاج معالجہ اور ویکسی نیشن کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔انہوں نے بتایا کہ پہلی شفٹ صبح 8بجے سے سہ پہر 3بجے تک اور دوسری شفٹ سہ پہر 3بجے سے رات 8بجے تک جاری رہے گی تاہم مویشی پال حضرات کی سہولت کیلئے ٹال فری ہیلپ لائن 08000-9211ہفتہ کے 24گھنٹوں میں رہنمائی اور مفت مشوروں کیلئے قائم کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ لائیو سٹاک کی ترقی کیلئے فیصل آباد ڈویڑن سمیت پنجاب کی ہر سطح پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدائت پر مویشی پال خواتین و حضرات کی رہنمائی و مشاورت کیلئے اب ہر گاؤں میں کسان لائیو سٹاک بیٹھک کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے تاکہ ان کو جدید ادویات و علاج معالجہ کی سہولیات بارے آگاہ اور مشاورت دی جا سکے۔