اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں وفد کا اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا دورہ، نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی

جمعہ 3 مارچ 2023 18:28

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2023ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کا دورہ کیا اورنومنتخب صدر نوید ملک، سیکرٹری رضوان شبیر کیانی، نائب صدر علی حسین بھٹی، جوائنٹ سیکرٹری جمیل فیاض راجپوت اور دیگر عہدیداران کو الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی۔

اسلام آباد بار کونسل کے وائس چیئرمین راجہ علیم خان عباسی اور اسلام آباد دسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر قیصر امام گوندل بھی موجود تھے۔چیمبر آف کامرس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ الیکشن میں کامیابی نو منتخب عہدیداران کی صلاحیتوں پر وکلاء برادری کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ راجہ علیم خان عباسی، نوید ملک اور قیصر امام گوندل کی سربراہی وکلاء برادری اور عدلیہ کے احترام میں اضافے کا باعث بنے گی اور یقین دہانی کرائی کہ عدلیہ کے احترام میں اضافے کیلئے چیمبر ان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر نوید ملک نے مبارک باد پیش کرنے کیلئے بار ایسوسی ایشن کا دورہ کرنے پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن بختاوری اور وفد کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے ہمیشہ اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کی حوصلہ افزائی کی ہے جو تاجر برادری کا وکلاء برادری کے ساتھ محبت کا بہترین مظہر ہے۔ چیمبر کے سابق صدر ظفر بختاوری، جمشید اختر شیخ، امتیاز عباسی، چوہدری محمد علی،اشفاق حسین چٹھہ، خالد چوہدری، سیف الرحمٰن خان اور دیگر وفد میں شامل تھے۔