مودی حکومت نے کشمیریوں سے ان کے تمام حقوق چھین لئے ہیں ، حریت رہنماء

مقبوضہ کشمیرمیں گھروں کو مسمار کئے جانے پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کااظہار تشویش

جمعہ 17 مارچ 2023 23:11

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2023ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے کشمیریوں سے زندہ رہنے کے حق سمیت تمام حقوق چھین لئے ہیں کیونکہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں ماورائے عدالت قتل، جبری گرفتاریاں اورظلم و تشدد روز کا معمول بن چکا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں غلام محمد خان سوپوری، سید بشیر اندرابی، فردوس احمد شاہ اور ڈاکٹر مصعب نے سرینگر میں جاری اپنے الگ الگ بیانات میں کہاہے کہ کشمیریوں کی زندگی، عزت ووقاراور آزادی قابض بھارتی فوجیوں کے رحم و کرم پر ہے۔ انہوں نے واضح کیاکہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے اگست 2019میں یکطرفہ اور غیر قانونی طورپر جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

حریت رہنمائوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں ڈھائے جانیوالے مظالم پر مودی حکومت کو جواب دہ ٹھہرائے ۔ ادھرسرینگر اور مقبوضہ کشمیر کے دیگر علاقوں میں ایک بار پھر پاکستانی پرچم اور پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی تصاویر والے پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں جن پر درج تحریریوں میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مسلسل حمایت پر پاکستان کا خیرمقدم کیاگیا ہے ۔

آزادی پسند تنظیموں کی طرف سے یہ پوسٹرزدیواروں، ستونوں اور کھمبوں پر چسپاں کیے گئے ہیں ۔ پوسٹرز کو فیس بک اور ٹویٹر سمیت سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا گیاہے۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے جموں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مودی کی ہندوتوا حکومت کے 5اگست 2019کے غیر قانونی اقدامات کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کیاہے۔

نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بڈگام کے علاقے آری گام خان صاحب میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے نام نہاد کشمیر اسمبلی کے سابق رکن انجینئر رشید سمیت تمام سیاسی نظربندوں کی رہائی اورکالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیاہے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کے حکام بشمول مز ایسٹرڈ لائچ، بین سمتھ اور بریجٹ کیڈل نے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی کے ہمراہ برمنگھم میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیریوں کے گھروں کو مسمار کئے جانے اور انسانی حقوق کی دیگر خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ املاک مسمار کرنے کی جاری مہم مسلم اکثریتی جموں وکشمیر میں پہلے سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں مزید ایک اضافہ ہے۔جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 52ویں اجلاس کے موقع پر منعقدہ ایک سیمینار میں مقررین نے کہا کہ زمینوں پر قبضے کی مکروہ مہم اور مقبوضہ کشمیرمیں عام لوگوں کو ان کی جائیدادوں سے بے دخل کرنا بھارتی حکومت کی استعماری پالیسی کا حصہ ہے تاکہ کشمیریوں کو اپنے ہی وطن میں دوسرے درجے کا شہری بنایا جاسکے۔

"آبادکار ی کی بھارتی استعمار ی پالیسی اور مقبوضہ کشمیرمیں زمینوں پر جبری قبضے "کے عنوان سے سیمینار میں انسانی حقوق کے ممتاز کارکنوں، بین الاقوامی قانون کے ماہرین اور دنیا کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی ، جن میں رابرٹ فانٹینا، مز میری سکلی، سید محمد علی، حسن البنا، ڈاکٹر سائرہ شاہ، احمد قریشی اور ڈاکٹر ولید رسول شامل تھے۔