پاکستانی مِڈ وائف نیہا منکانی امریکی مشن کی جانب سے ۲۰۲۳ئ کے لیے ‘جرات مند خاتون’ نامزد

پیر 20 مارچ 2023 20:20

pاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2023ء) امریکی مشن پاکستان کے نائب سفیر اینڈریو شوفر نیآج یہاں خواتین کی تاریخ کے مہینے کے حوالے سے ہونے والی ایک تقریب میں پاکستانی مِڈ وائف نیہا منکانی کو یو ایس مشن پاکستان کی طرف سے ۲۰۲۳ئ کے لیے جرات مند خاتون نامزد کیا ہے۔منکانی نے ،جو امریکی حکومت کے فلبرائٹ پروگرام کی ایک سابقہ طالبعلم رہی ہیں ، ۲۰۱۹ئ میں ایک "ماما بیبی فنڈ’’ قائم کیا جس کا مقصد اٴْن نئی ماؤں کو مدد فراہم کرنا ہیجو قبل اور بعد از ولادت ہونے والی نگہداشت پر اٹھنے والے اخراجات برداشت کرنے کے قابل نہیں ہوتیں۔

گزشتہ سال کے اواخر میں انہوں نے اور اٴْن کی ٹیم نے بہادری کے ساتھ سندھ میں حاملہ خواتین اور نو زائیدہ بچوں کو مدد فراہم کرنی شروع کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی خیمہ بستیوں کا دورہ کیا اور زچہ و بچہ کو پیدائش کے محفوظ عمل کے لیے سہولیات فراہم کیں۔ڈپٹی چیف آف مشن اینڈریو شوفر نے کہا کہ نیہا نے راہنمائی، جرات اور بہادری کی ایک مثال قائم کی ہے اور ہمیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ہمارے فلبرائٹ پروگرام کی ایک سابقہ طالبہ نے اپنے ملک کے لیے اس قدر گرانقدر خدمات سر انجام دیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیہا منکانی نے کہا کہ انہوں نے کراچی کے ساحلی جزیروں سے لے کر سندھ اور بلوچستان میں سیلاب سے متاثر ہونے والے بے گھر افراد سے لے کر ماحولیاتی تغیر کا شکار ہونے والی تمام آبادیوں میں کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ موسمیاتی تبدیلی اور پیچیدہ ہنگامی صورتحال خواتین اور بچوں کو مختلف طریقوں سے متاثر کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حاملہ ہونے، زچگی کے دوران یا نوزائیدہ بچے کی پیدائش اور نقل مکانی، صحت کا ایک جدوجہد کرنے والا نظام، خوراک کا عدم تحفظ اور اپنی کمیونٹی سے دور ہونے کے حالات کا تصور کریں تو ماما بیبی فنڈ اور اس کے پروگراموں کی اہمیت کا اندازہ کیا جا سکتا ہے۔