Live Updates

لاہورہائیکورٹ ،عمران خان کوپارٹی کی سربراہی سے ہٹانے کے نوٹسسز کے خلاف دائر درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

منگل 21 مارچ 2023 23:23

لاہورہائیکورٹ ،عمران خان کوپارٹی کی سربراہی سے ہٹانے کے نوٹسسز کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2023ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں پانچ رکنی فل بینچ نے تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان کوتوشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے پارٹی کی سربراہی سے ہٹانے کے نوٹسسز کے خلاف دائر درخواست پر سماعت بغیر کارروائی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی ۔

فاضل بینچ نے کہا کہ اگر یہ کیس اسلام آباد ہائیکورٹ میں فکس نہیں ہوا تو یہاں لاہور ہائیکورٹ میں کیسے سن سکتے ہیں ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں پانچ رکنی فل بینچ نے کیس کی سماعت کی جس میں عمران خان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پارٹی کے سربراہ کے عہدے سے ہٹانے کے نوٹسز کو چیلنج کیا ہے۔بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس شمس محمود مرزا ،جسٹس شاہد کریم ،جسٹس شہرام سرور چودھری اور جسٹس جواد حسن شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دوران سماعت عمران خان کے وکیل نے اگلے ہفتے کیس سماعت کے لیے فکس کرنے کی استدعا کی جس پر عدالت نے باور کرایا کہ یہ ہم دیکھیں گے کہ کیس کب فکس کرنا ہے ۔عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے غیر قانونی طور پر نوٹس جاری کیا،آئین اور قانون الیکشن کمیشن کو فیصلہ کرنے کی اجازت نہیں دیتا،عمران خان کی نااہلی کے لیے بھجوائے گئے نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی ۔یاد رہے کہ جسٹس جواد حسن نے اس درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فل بنچ بنانے کی سفارش کی تھی اور الیکشن کمیشن کو کسی بھی تادیبی کارروائی سے روک دیا تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات