نیپرا نے ایکٹ کے تحت این ٹی ڈی سی کو سسٹم آپریٹر کے لائسنس کااجراء اور گرڈ کوڈ 2023 کی منظوری دے دی

بدھ 22 مارچ 2023 22:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2023ء) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نیپرا ایکٹ کے تحت نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی ) کو سسٹم آپریٹر کے لائسنس کااجراء اور گرڈ کوڈ 2023 کی منظوری دے دی ۔ ترجمان نیپرا کی طرف سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق سسٹم آپریٹر، گرڈ کوڈ 2023 کے تحت اپنے افعال، آپریشنز، پریکٹس کے معیارات اور کاروباری طرز عمل کو انجام دینے کا ذمہ دار ہوگا۔

ترمیم شدہ نیپرا ایکٹ 2018 کے تحت، سسٹم آپریٹر کو ایک الگ لائسنس یافتہ فنکشن کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا اور اسی مناسبت سے،این ٹی ڈی سی نے نیپرا میں 24 اگست 2022 کو سسٹم آپریٹر لائسنس کے حصول کے لیے درخواست کے ساتھ گرڈ کوڈ2023 کو بھی منظوری کے لئے جمع کروایا تھا۔

(جاری ہے)

سسٹم آپریٹر پاکستان کے پاور سسٹم کے آپریشن، ڈسپیچ اور پلاننگ کا ذمہ دار ہوگا اور یہ بجلی کے نظام کے تکنیکی پہلو کے دماغ کے طور پر کام کرے گا اور موثر کام کو یقینی بنائے گا۔

گرڈ کوڈ 2023 گرڈ کوڈ 2005 کی نسبت اس لئے بہتر ہے کہ یہ 2018 کے ترمیم شدہ نیپرا ایکٹ کے ذریعے نئے متعارف کرائے گئے پاور سسٹم کے اسٹیک ہولڈرز کے لیے جگہ بناتا ہے،یہ ایک متحرک دستاویز ہے جو نہ صرف پاور سسٹم کے موجودہ بلکہ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے میں کارگر ثابت ہوگا۔ گرڈ کوڈ کے تحت پاور سیکٹر کے تمام متعلقہ ادارے نیشنل گرڈ کمپنی کے ساتھ مربوط نظام تیار کریں گے، قابل تجدید توانائی پر مبنی پاور پلانٹس کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر 2023 کا گرڈ کوڈ ان کے آپریشنز کے حوالے سے تفصیلی روشنی ڈالتا ہے۔

سسٹم آپریٹر لائسنس اور گرڈ کوڈ کی منظوری پاور سیکٹر میں سی ٹی بی سی ایم کے تحت متعارف کرائی جانے والی اصلاحات کے نفاذ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں اور اس اقدام سے پاور سیکٹر کی کارکردگی میں انقلابی تبدیلی آئے گی۔